’پی ٹی آئی کے کچھ لوگ عمران خان کو ہٹانا چاہتے ہیں‘


اسلام آباد: مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کچھ لوگ وزیراعظم عمران خان کو ہٹانا چاہتے ہیں۔

خواجہ آصف نے قومی اسمبلی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت وطن عزیز بحرانوں سے گزر رہا ہے اور ایسا لگ رہا ہے کہ معاشی بحران بد سے بدتر ہوتا جا رہا ہے۔ ہماری معشیت کی ٹیم اپنے بیگ ساتھ لائی ہے اور اسی طرح واپس چلے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنے وزیر خزانہ کو پہلے رخصت کیا اور پھر کمیٹی کا چئیرمین بنا دیا، اس سے زیادہ ہماری توہین کیا ہو گی کہ چئیرمین ایف بی آر، گورنراسٹیٹ بنک اور مشیر خزانہ آئی ایم ایف کے کہنے پر لگائے گئے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ سابق وزیر خزانہ بڑے تکبر سے بات کیا کرتے تھے لیکن آئی ایم ایف کے بندے ہماری معیشت پر آ کر بیٹھ گئے۔ اس سے برا وقت ہماری معیشت میں کبھی نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے لگائے ہوئے مشیر خزانہ مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی دونوں کا ہی حصہ رہے ہیں، حکومت کوئی نیا بندہ ہی لے آتی۔

خواجہ آصف نے کہا کہ نیب کے قوانین میں ترمیم نہ کرانا ہم سب کی کوتاہی ہے، نیب نے انتقامی کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں اور مسلم لیگ نون کے قائدین اور رہنما اس کی زد میں ہیں۔ 8 ماہ پہلے حکومت اور اپوزیشن میں نیب ترامیم کے لیے رابطہ ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب کے معاملے کی تحقیقات کے لیے پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے تاکہ دودھ کا دوھ اور پانی کا پانی ہو جائے کیونکہ اس وقت چیئرمین نیب کو بلیک میل کرنے کی مہم جاری ہے۔

مسلم لیگی رہنما نے کہا کہ اب نیب میں جو قانون چل رہا ہے اسے چلنے دیا جائے جو ہوگا دیکھا جائے گا جبکہ ٹی وی چینلز پر چیئرمین نیب کی بلیک میلنگ میں جہانگیر ترین ملوث ہیں اور حکومت کا چیئرمین کے اسکینڈل پر رویہ انتہائی شرمناک ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین نے خواجہ آصف کی جانب سے لگائے گئے الزام پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ آصف کی جھوٹ بولنے سے متعلق ایک مکمل تاریخ ہے۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ آج پھر خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں کھڑے ہو کر بڑی بے شرمی سے جھوٹ بولا ہے اور من گھڑت کہانی سناتے ہوئے مجھے چیئرمین نیب کے خلاف پروگرام کرنے والے نجی ٹی وی چینل میں شراکت دار کہا ہے جبکہ میں شراکت دار تو دور کی بات کسی چینل میں ایک شیئر کا بھی مالک نہیں ہوں۔

پی ٹی آئی رہنما نے خواجہ آصف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اپنا جھوٹ فوراً واپس لو۔


متعلقہ خبریں