پولیس نے چینی باشندوں کی پاکستانی لڑکیوں سے شادی رکوا دی



لالہ موسی:گرفتاریوں کے باوجود چینی باشندوں سے شادی کروانے والے باز نہ آئے ۔ لالہ موسیٰ پولیس نےچینی باشندوں سے پاکستانی لڑکیوں کی شادی رکوا دی۔  تین چینی باشندے اور دو پاکستانی خواتین کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق پاکستانی لڑکیوں سے شادی کرانے والی ایک خاتون راولپنڈی کی رہائشی ہے جس نے ایک چینی شہری سے شادی کی ہے ۔ دوسری خاتون  کا تعلق جلالپور سے ہے ۔

جلالپور سے تعلق رکھنے والی خاتون نے شہزاد نامی شخص کو اپنی بیٹی کا رشتہ چینی باشندے سے کرانے کے لیے دس ہزار روپے دیے ۔

تاہم شہزاد کی بیوی نے پولیس کو اطلاع کر دی اور پولیس نے تمام افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔  چینی شہریوں سے دس لاکھ  روپے مالیت کی پاکستانی کرنسی بھی ملی ہے ۔ پولیس نے مزید کارروائی کیلئے آیف آئی اے سے رابطہ کرلیا ہے ۔

یاد رہے لاہور کی مقامی عدالت نے پاکستانی لڑکیوں سے مبینہ طور پر جعلی شادی کرنیوالے چینی ملزمان کی  ضمانت کی درخواستیں 16 مئی کو خارج کر دی تھیں۔جوڈیشل مجسٹریٹ عامر رضا بیٹو چینی باشندوں کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی اور فریقین کے دلائل سننے کے  بعد فیصلہ سنادیا۔

لیو تھیانگ، سوانگ گواچا، لیو لی بل، رانگ گو، فنگ شنگ گو نامی چینی باشندوں نے ضمانت کی درخواستیں دائر کیں تھی۔ ضمانت کیلئے رجوع کرنیوالے ملزموں میں لیو چوانگ، لیو تھیانگ لی، جو جانگ زن، چانگ گانگ اور سنگ ہونگ بھی شامل تھے۔

دو پاکستانی ملزموں محمد انصر اور شوکت علی نے بھی سلیم احمد خان ایڈووکیٹ کی وساطت سے ضمانت کی درخواستیں دائر کیں۔

ملزمان کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ ملزموں کو جھوٹے مقدمے میں بے بنیاد نامزد کر کے گرفتار کیا گیا۔ ایف آئی اے نے خود ہی ایک جھوٹی سٹوری تیار کر کے ملزموں کو گرفتار کیا۔

ملزمان کے وکیل کے مطابق درخواست گزار پاکستان میں بزنس کیلئے آئے تھے مگر انکو گرفتار کر لیا گیاجبکہ صفحہ مثل پر ملزموں کیخلاف کوئی ثبوت موجود نہیں ہیں۔

ملزمان کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمان کی  ضمانت پر رہائی کی درخواستیں منظور کی جائیں۔

ایف آئی اے کےپراسیکیوٹر نے جوابی دلائل میں کہا کہ ملزم پاکستانی لڑکیوں سے دھوکے بازی سے شادیاں کرتے تھے۔ملزموں نے پاکستانی لڑکیوں سے جعلی شادیاں کر کے جنسی استحصال بھی کیا۔

یہ بھی پڑھیے:شادی اسکینڈل: چینی ملزمان کی  ضمانت کی درخواستیں خارج


متعلقہ خبریں