‘برآمدات کی صورتحال مایوس کن نہیں’


اسلام آباد: مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد نے کہا ہے کہ برآمدات کی صورت حال بالکل بھی مایوس کن نہیں ہے، گزشتہ 12 ماہ میں دنیا کی تجارت تین فیصد کم ہوئی جبکہ جن شعبوں میں ہم برآمدات  کرتے ہیں وہ مسائل کا شکار ہیں۔

انہوں نے ہم نیوز کے پروگرام ندیم ملک لائیو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی تجارت سکڑ رہی ہے لیکن ہمارے ملک میں سرمایہ کاری ہو رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئندہ چھ ماہ میں آپ کو مثبت تبدیلی نظرآئے گی کیونکہ ہماری سمت بالکل درست ہے اور برآمدات کی صورت حال میں بھی بہتری آرہی ہے۔

مشتر تجارت نے کہا کہ جب ہماری حکومت اقتدار میں آئی اس وقت ملک کی اقتصادی صورت حال بہت خراب تھی۔

انہوں نے یہ بات تسلیم کی کہ ہمیں عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے شروع ہی میں رجوع کرلینا چاہیے تھا۔

ٹیکس ریونیو سے متعلق مشیر تجارت نے کہا کہ نئے بجٹ کے بعد بہتری آئے گی، ہمیں ملک میں صنعتی شعبے کو دوبارہ زندہ کرنے کی ضرورت ہے اور اس ضمن میں حکومت معاشی اصلاحات کر رہی ہے۔

عبد الرزاق داؤد نے کہا کہ حقیقت میں معاشی صورت حال بہتر ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ سب ٹھیک ہوجائے گا، مجھے امید ہے جلد چین سے بھی سرمایہ کاری آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ جو ہو گیا وہ ہو گیا اب میں بہت پر امید ہوں، نئی ٹیم بہتری لائے گی اور ہم معاشی استحکام لانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں