ملک کے میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم رہے گا


محکمہ موسمیات نے آئندہ تین سے چار روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور  ملک کے میدانی علاقوں میں شدید گرم رہنے کی پیشین گوئی کردی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اورخشک جبکہ سندھ میں شدید گرم رہیگا۔تاہم کشمیر میں ایک دو مقامات پرگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو ملک بھر میں سورج اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ چمکے گا اور گرمی کی شدت میں اضافہ کا امکان ہے،پنجاب اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں اور سندھ میں آج بھی موسم شدید گرم رہے گا۔

کراچی میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہے گی جبکہ سمندری ہوائیں چلنے کے باعث ہیٹ ویو کا کوئی خطرہ نہیں ہے تاہم شہری غیر ضروری باہر نکلنے سے احتیاط کریں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ سندھ میں شدید گرم رہا۔

تاہم مالاکنڈ ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ہے۔

سب سے زیادہ بارش گلگت بلتستان کے علاقے استور میں 07 ملی میٹر ہوئی ۔ اسی طرح  گلگت میں 01، خیبرپختونخوا کے علاقہ  مالم جبہ میں بھی 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

یہ بھی پڑھیے:ملک بھر میں آج موسم گرم، گلگت بلتستان میں بارش کا امکان

آج ریکارڈ کیےگئےگرم ترین مقامات میں  جیکب آباد 48، سبی،دادو، روہڑی ،سکھر46 ، تربت،حیدرآباد، موہنجوداڑو اور لاڑکانہ میں 45ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

واضح رہے رواں ماہ کے آغاز پر کراچی میں شدید گرمی رہی جبکہ یکم مئی کو سال کا گرم ترین دن قرار دیا گیا تھا جس میں شہر قائد کا درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

30 اپریل سے 3 مئی تک کراچی میں ہیٹ ویو کا زور رہا تھا تاہم محکمہ موسمیات نے رواں ماہ کراچی میں دوبارہ ہیٹ ویو نہ ہونے کی پیش گوئی کی تھی۔


متعلقہ خبریں