’ شہباز شریف 11جون کو وطن واپس آجائینگے‘


پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف 11جون کو وطن واپس آجائینگے، یہ انکشاف شہباز شریف کے وکیل عطا تارڑ نے آج لاہور کی احتساب عدالت میں آشیانہ اقبال اسکینڈل  اور رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت کے دوران کیا۔

احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف، اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز اور دیگر ملزمان کے خلاف کیسز کی سماعت کی۔

کیس کی سماعت شروع ہوئی تو عدالت نے شبہاز شریف کے وکیل سے استفسار کیا کہ شہباز شریف کب وطن واپس آئیں گے؟

شہباز شریف کے وکیل عطا تارڑ نے عدالت کو بتایا کہ شہباز شریف 11 جون کو وطن واپس آجائیں گے۔

نیب حکام نے شہباز شریف کی حاضری معافی سے متعلق جواب عدالت میں جمع کروا دیا۔
اپوزیشن لیڈر حمزہ شہبازبھی  احتساب عدالت میں پیش ہوئے عدالت  نےحاضری کے بعد حمزہ شہباز کو جانے کی اجازت دے دی۔

احتساب عدالت کے جج نے حمزہ شہباز کی حاضری لگانے کے بعد جانے کی اجازت دیکر  دوبارہ حمزہ شہباز کو ڈائس پر بلا لیا اور عدالت میں  سلیفیاں نہ لینے اور عدالتی تقدس کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔

احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے حمزہ شہباز سے کہا کہ کمرہ عدالت میں ہر گز سیلیفیاں نہ لی جائیں ۔

حمزہ شہباز نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ ایسا آئندہ بالکل نہیں ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:نیب کیسز: حتمی تاریخ دیں شہباز شریف کب آئینگے؟ عدالت

اس پر جج احتساب عدالت نے کہا کہ اب اپ کی حاضری ہوگئی آپ جاسکتے ہیں۔

یاد رہے کہ لاہور کی احتساب عدالت نے 25مئی کو رمضان شوگر ملز اور آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ملزم  شہباز شریف کے وکلا سے انکی  عدالت میں پیشی کی حتمی تاریخ مانگ لی تھی۔

جج نے کہا کہ عدالت بہت فراخ دلی سے کیس سن رہی ہے ،بیان حلفی دیں کہ شہباز شریف کب پیش ہوں گے؟ میرے پاس ایسی کوئی رپورٹ نہیں ہے کہ طے کیا جائے کہ انکا پاکستان میں علاج ممکن نہیں ہے؟
شہباز شریف کے وکیل نے کہا کہ وہ کوئی حتمی ٹائم فی الوقت نہیں دے سکتے ۔شہباز شریف کے  ٹیسٹ چل رہے ہیں،  اگر کورٹ انہیں یہ سہولت دے  کہ انکا میڈیکل بورڈ بنا دیا جائے تو مناسب ہوگا۔

جج نے کہا کہ  میں نے 15 دن اسی لیے دئیے تھے کہ وہ علاج کروا کر واپس آ جائیں۔عدالت نے شہبازشریف کی آج کی حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کرتے ہیں انہیں  13جون کو ہر حال میں عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت  کردی۔


متعلقہ خبریں