چینی نائب صدر وانگ چی شن 3 روزہ دورہ پاکستان کے بعد واپس روانہ


چین کے نائب صدر وانگ چی شن3 روزہ دورہ پاکستان کے بعد  واپس روانہ ہوگئے، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے لاہور ایئرپورٹ سے معزز مہمان کو رخصت کیا۔

عثمان بزدار نے نائب چینی صدر کو رخصت کرتے وقت کہا کہ لاہور میں آپ کی میزبانی کر کے دلی خوشی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین کے نائب صدر کا دورہ پاکستان پاک چین دوستی کو مزید مستحکم کرے گا۔ پاکستان اور چین کی دوستی کا لازوال رشتہ کبھی ختم نہیں ہو سکتا۔

سردارعثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان اور چین ترقی کے سفر میں قدم سے قدم ملا کر چل رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے دور میں پاک چین تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔

وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ دونوں بھائیوں کے درمیان پیار، محبت اور تعاون کے نئے باب رقم ہو رہے ہیں۔

اس موقع پر نائب چینی صدر وانگ چی شن نے کہا کہ لاہور میں ملنے والی محبت کو کبھی فراموش نہیں کرسکتا۔ شاندار مہمان نوازی پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ چین ترقی و خوشحالی کے سفر میں پاکستان کے ساتھ پہلے بھی کھڑا تھا اور آئندہ بھی کھڑا رہے گا۔

وانگ چی شن نے کہا کہ دونوں ملکوں کے باہمی تعاون کی نئی جہتوں پر کام کرکے دوستی کو مزید بلندیوں تک پہنچائیں گے۔

یہ بھی پڑھیے:پاکستان اور چین کے درمیان پانچ معاہدوں پر دستخط

صوبائی وزراء راجہ بشارت، سید صمصام بخاری، نعمان لنگڑیال، ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز عالم، تیمور بھٹی، آشفہ ریاض، عنصر مجید خان نیازی، سمیع اللہ چوہدری، حافظ ممتاز احمد، ہاشم ڈوگر، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری اطلاعات، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

چین روانگی سے قبل چینی نائب صدر وانگ چی شن نے لاہور میں بادشاہی مسجد کا دورہ بھی کیا ۔


چینی نائب صدر کو سخت سیکیورٹی حصار میں بادشاہی مسجد لایا گیا تھا۔


لاہور: چینی نائب صدر نے بادشاہی مسجد میں  قرآن مجید کے نادر نسخے بھی دیکھے۔

واضح رہے کہ  چینی نائب صدر 26مئی کو تین روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے تھے۔

انہوں نے  مٹیاری سے لاہور تک 660 کے وی منصوبے، رشاکئی خصوصی اکنامک زون پراجیکٹ اور ہواوے ٹیکنیکل سپورٹ سنٹر کا افتتاح بھی کیا ۔

حکومت پاکستان نے چینی نائب صدر کو نشان پاکستان سے بھی نوازا۔

ذرائع کے مطابق  پاکستان اور چین کے درمیان  ڈیزاسٹر مینجمنٹ، زرعی شعبے میں تعاون، معاشی اورتکنیکی امور کی مفاہمتی یادداشتوں دستخط کیے گئے۔


متعلقہ خبریں