جاپان: چاقو بردار کا حملہ، ایک طالبہ سمیت دو افراد جاں بحق

جاپان: چاقو بردار کا حملہ، ایک طالبہ سمیت دو افراد جاں بحق

ٹوکیو: چاقو بردارشخص نے جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں حملہ کرکے اسکول کے معصوم طلبا و طالبات سمیت 17 افراد کو زخمی کردیا۔ زخمیوں میں سے 12 سالہ طالبہ اور ایک شخص جان کی بازی ہار گیا جب کہ حملہ آور نے خود کو بھی چاقوؤں کے وار سے خود کو اتنا زخمی کیا کہ ہلاک ہوگیا۔

’عالمی خبررساں ایجنسی‘ کے مطابق جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کے جنوب میں واقع کا واساکی میں چاقو بردار شخص نے اچانک اسکول جانے والے طلبا و طالبات سمیت دیگر افراد پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں ایک طالبہ سمیت دو افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ 17 زخمی ہیں جنہیں اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

محکمہ صحت کے ذرائع سے عالمی خبررساں ایجنسی نے بتایا ہے کہ زخمیوں میں زیادہ تر معصوم اسکول کے طلبہ ہیں۔

ٹوکیو پولیس کے مطابق اس نے جائے وقوع سے ایک مشتبہ شخص کو شدید زخمی حالت میں گرفتار کیا جس نے خود پر بھی چاقوؤں سے وار کیے تھے۔

جاپان کے ’سرکاری ٹی وی‘ کے مطابق گرفتار کیا جانے والا شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا ہے۔


’اردو نیوز جدہ‘ کے مطابق ٹوکیو پولیس کو تاحال حملے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔

چاپان کے مقامی ’ذرائع ابلاغ‘ کے مطابق جائے وقوع سے دو چاقو بھی برآمد کیے گئے ہیں لیکن سرکاری طور پر اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

ٹوکیو کے ایک ’مقامی ٹی وی‘ نے جائے وقوع کی جگہ پر ایمبولینسز، ہنگامی طبی امداد کے خیمے اور فائر انجنز کی موجودگی بتائی ہے۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق سانحہ شہر میں ایک بس اسٹاپ کے قریب اس وقت پیش آیا ہے جب بچے گھروں سے اسکول جانے کے لیے نکلے تھے۔

جاپان، دنیا کے ان ممالک میں شامل ہیں جہاں اس قسم کے جرائم اور پرتشدد واقعات نہ ہونے کے برابر ہوتے ہیں لیکن یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے کہ جب امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ چار روزہ سرکاری دورے پر جاپان میں ہیں۔

امریکی صدر کے طے شدہ شیڈول کے مطابق منگل کو انہوں نے ٹوکیو سے باہر قائم امریکی بیسز کا دورہ کرنا ہے۔

دستیاب اعداد و شمار کے مطابق 2018 میں ایک شخص نے بلٹ ٹرین میں چاقو سے حملہ کر کے ایک شخص کو ہلاک اور دو کو زخمی کر دیا تھا۔

2016 میں ایک شخص نے ٹوکیو کے جنوب میں معذور افراد کے ادارے میں چاقو سے حملہ کر کے 19 افراد کو قتل کیا تھا۔ حملہ آور کا مؤقف تھا کہ دنیا کو ذہنی معذور افراد سے صاف کرنا اس کا مشن ہے۔


متعلقہ خبریں