’حکومت میں ہوتے ہیں تو وفادار لیکن اپوزیشن میں بیٹھیں تو غدار’


بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی )مینگل کے صدر سردار اختر جان مینگل نے کہا ہے کہ ملک کے بانی قائد اعظم محمد علی جناح کی ہمشیرہ  فاطمہ جناح،باچا خان، ولی خان، غوث بخش خان بزنجو، عطاء اللہ خان مینگل، ذوالفقار علی بھٹو، نواز شریف اور  بے نظیر بھٹو کو غدار قرار دیا گیا، جن لوگوں کو غدار قرار دیا گیا تو کیا پھرانہیں ووٹ دینے والی عوام بھی غدار ہے؟

قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عجیب تماشا ہے کہ جب حکومت میں ہوتے ہیں تو وفادار لیکن اپوزیشن میں بیٹھیں گے تو غدار کہلائے جائینگے؟

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف والے بھی تیاری کریں، یہ الزام کل پی ٹی آئی پر بھی لگیں گےکیونکہ فاصلہ بہت کم ہے۔

سردار اختر جان مینگل نے کہا کہ پاکستان جن وجوہات  کی بنا پر دو لخت ہوا آج پھر وہی ماحول بن رہا ہے ، گھڑی کا کانٹا ہم پر چانٹے کی صورت میں پڑا تو سب خاموش رہے، آج وہی چانٹا وزیرستان کو لگ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک دن بحث کے لئے مختص کیا جائے اور ایک پارلیمانی کمیشن ہمیں چھوڑ کر محب وطن لوگوں کا بنائیں جو وزیرستان میں ہونے والے واقعات کی تحقیقات کرے اور پھراس پرایوان میں آکر بات کریں۔

انہوں نےکہا کہ وہ دہشت گرد بنتے ہیں جن کے گھر نہیں رہتےآپ کو سب کے ساتھ شفقت کے ساتھ پیش آنا ہوگا۔ افغانستان کی جنگ میں کس کو فائدہ ہوا، کون کروڑ پتی بنا؟

سردار اختر جان نے کہاگوادر، چاغی اور ریکوڈک کا نام لیتے ہیں ان منصوبوں سے بلوچستان کے لوگوں کو کیا ملا؟

یہ بھی پڑھیے:قومی اسمبلی،ہمیں معاشی زنجیروں میں جکڑا جا رہا ہے، خواجہ آصف

انہوں  نے کہاآج 28مئی ہے اور آج کے دن ایٹمی دھماکے کیے گئے تھے۔  جب یہ دھماکے کیے گئے تو میں وزیراعلی بلوچستان تھا۔ دھماکوں کے وقت مجھے اعتماد میں بھی نہیں لیا گیا۔ ہمارے احتجاج کرنے پر ہماری حکومت  ہی ختم کر دی گئی۔


متعلقہ خبریں