جھوٹے کی 6 نشانیاں


انسان ارادی یہ غیر ارادی طور پر جھوٹ بولتا ہے، بعض اوقات کسی بات کو چھپانے کی خاطر یا کسی دوسرے شخص کو لوگوں کے سامنے شرمندہ کرنے کے لیے انسان جھوٹ کا سہارا لیتا ہے۔

محققین نے جھوٹے شخص کو پکڑنے کے لئے اس کی عادات اور جسمانی حرکات کے حوالے سے ایک فہرست مرتب کی ہے جس کی مدد سے آپ جھوٹے انسان کو پکڑ سکتے ہیں۔

سر کی حرکات

جھوٹے انسان کی پہچان کے لئے اس کے سر کی حرکات پر توجہ دیں، مشاہدے سے معلوم ہوا ہے کہ جھوٹ بولنے والا انسان بات کرتے وقت اپنا سر پیچھے کی جانب کرتا ہے اور پھر اس کا جھکاؤ بائیں جانب کر لیتا ہے، بعض اوقات ایسا انسان جو جھوٹ بولتا ہو وہ اپنا سر ہلکا سہ آگے کی جانب بھی جھکاتا ہے جیسا کہ اسے کوئی بات ناگوار گزر رہی ہو۔ ان باتوں کا خیال کر کے آپ با آسانی معلوم کر سکتے ہیں کہ جس سے آپ بات کر رہے ہیں آیا وہ سچ بول رہا ہے یا جھوٹ۔

گہرے سانس لینا

جھوٹے انسان کی یہ نشانی مذکورہ بالا نشانی سے قدرے مختلف اور تھوڑی سی مشکل ہے، مگر اگر کوئی انسان بات کرتے ہوئے تیز تیز سانس لے تو سمجھ لیں کہ دال میں کچھ کالا ہے۔

ایسے انسان اپنے کندھے اوپر کی جانب اٹھاتے ہیں اور ان کی آواز میں بھی معمولی سی گہرائی جھلکتی ہے۔

ساکت ہو جانا

دوسری جانب اگر کوئی انسان بات کرتے وقت بالکل ساکت ہو جائے اور اپنی جسمانی حرکت محدود کر دے تو سمجھ لیں کہ وہ جھوٹ بول رہا ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ جھوٹ بولتے وقت ایسے انسان کی جذباتی کیفیت اسے ساکت کر دیتی ہے۔ ہو سکتا ہے کہ جھوٹ بولنے سے پیدا ہونے والی نفسیاتی کیفیت کے ردعمل میں وہ سخت انداز اختیار کر رہے ہوں۔

باتوں کو دہرانا

بعض اوقات کاذب شخص اپنی بات کو سچ ثابت کرنے کے لئے باتوں کو دہراتا ہے اور کچھ جملوں پر زور بھی دیتا ہے جیسے کہ وہ اپنے آپ کو باور کروا رہا ہو کہ سچ بول رہا ہے، بتایا گیا ہے کہ ایسے لوگوں کی ان حرکات کا مقصد تاخیری حربہ بھی ہو سکتا ہے تاکہ انہیں اپنی جھوٹی بات ثابت کرنے کے لئے مزید وقت مل سکے۔

غیر ضروری معلومات دینا

ایسا شخص جو جھوٹ بولتا ہو بعض اوقات پوچھی گئی بات کے حوالے سے غیر ضروری معلومات دینا شروع کر دیتا ہے، ان لوگوں کا مقصد صرف یہ ظاہر کرنا ہوتا ہے کہ ان کے پاس کوئی ایسی بات نہیں ہے جو وہ چھپا رہے ہوں ان کے نزدیک ایسا کرنے سے وہ لوگوں پر اپنا سچا ہونے کا تاثر قائم کر سکتے ہیں۔

چہرہ یا منہ چھپانا

بعض اوقات کوئی شخص کسی کے سوال کا جواب نہ دینا چاہ رہا ہو تو اس موقع پر اپنے چہرے یا منہ پر ہاتھ رکھ لیتا ہے ایسے شخص کو ہر کوئی باآسانی پہچان لیتا ہے کہ یہ جھوٹ بول رہا ہے۔

 


متعلقہ خبریں