وارم اپ: ویسٹ انڈیز نیوزی لینڈ، بھارت بنگلہ دیش کیخلاف کامیاب


برسٹل: عالمی کپ 2019 کے سلسلے میں آج بھی دو وارم اپ میچز کھیلے گئے جن کے دوران ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ کو 91 جبکہ بھارت نے بنگلہ دیش کو 95 رنز سے شکست دے دی۔

برسٹل کے کاؤنٹی گراؤنڈ پر کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو مکمل طور پر غلط ثابت ہوا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے شے ہوپ نے شاندار سنچری اسکور کی جبکہ کرس گیل 36، ایون لوئس 50، جیسن ہولڈر 47 اور آندرے رسل 54 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار جبکہ میٹ ہینری نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں نیوزی لینڈ 48ویں اوور میں 330 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

کیویز کی جانب سے کپتان کین ولیمسن نے 85 جبکہ ٹام بلندیل نے شاندار سنچری اسکور کی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے کارلوس بریتھویٹ نے تین جبکہ فابین ایلن نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

مزید پڑھیں: وارم اپ: انگلینڈ اور آسٹریلیا افغانستان اور سری لنکا کیخلاف فاتح

دوسری جانب بھارت نے بنگلہ دیش کو 95 رنز سے شکست دی۔

کارڈف میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

بنگلہ دیشی گیند بازوں نے کپتان مشرفی مرتضیٰ کے اس فیصلے کو درست ثابت کرتے ہوئے 102 پر چار بھارتی بلے بازوں کو پویلین لوٹا دیا۔

تاہم اس موقع پر سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی اور کے ایل راہول کے درمیان شاندار شراکت قائم ہوئی جس نے ٹیم کو مشکل صورت حال سے نکالا۔

دھونی نے 113 جبکہ راہول نے 108 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ کوہلی 47 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے روبیل حسین اور شکیب الحسن نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں بنگلہ دیشی ٹیم 50ویں اوور میں 264 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

بنگلہ دیش کی جانب سے مشفق الرحیم 90 جبکہ لتن داس نے 73 رنز کی اننگز کھیلی۔

بھارت کی جانب سے کلدیب یادیو اور ہزوندرا چہال نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔


متعلقہ خبریں