’احتساب کی راہ میں رکاوٹ بنیں گے نہ کسی کو بننے دیا جائے گا‘

عمران خان کی جگہ کون؟ مولانا دو ناموں پر راضی

فائل فوٹو


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ احتساب کی راہ میں نہ خود رکاوٹ بنیں گے نہ کسی کو بننے دیا جائے گا۔

یہ بات انہوں نے سینئر نائب صدر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بابر اعوان سے ملاقات کے دوران کہی۔

ملاقات وزیراعظم آفس میں ہوئی جس کے دوران آئینی، قانونی اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ عوامی فلاح کے مختلف منصوبوں سے متعلق بھی مشاورت کی گئی۔

عمران خان نے کہا کہ عوامی مفادات کا تحفظ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے جبکہ محروم طبقے کا احساس کرنا ریاست کی ذمہ داری میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی کی سمت متعین ہو چکی ہے اور آنے والا دور خوشحالی کا ہو گا۔

مزید پڑھیں: ’عمران خان تم اشاروں پر ناچنے والے مہرے ہو‘

انہوں نے کہا کہ معاشی ٹیم کے ہمراہ ملک کو بحرانی کیفیت سے نکالنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں، امید ہے چند ماہ میں چیلنجز پر قابو پا لیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئین اور قانون کی حکمرانی پر مکمل یقین رکھتے ہیں، احتساب کی راہ میں نہ خود رکاوٹ بنیں گے نہ کسی کو بننے دیا جائے گا۔

اس موقع پر بابر اعوان کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں سارا شور شرابا صرف احتساب سے بچنے کے لئے کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کے پاس نہ اسٹریٹ پاور ہے نہ عوامی حمایت، بڑے چوروں کا احتساب ہو گا تو نچلی سطح پر بدعنوانی رکے گی، پوری قوم انصاف اور احتساب ہوتا دیکھنا چاہتی ہے۔

بابر اعوان کا مزید کہنا تھا کہ امید ہے جلد مفرور اور اشتہاریوں کو بھی وطن واپس لا کر انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں