’ووٹرز احتجاج کیلئے دباؤ ڈال رہے ہیں‘



اسلام آباد: رہنما مسلم لیگ ن شائستہ پرویز ملک نے کہا ہے کہ یہ تاثر غلط ہے کہ جب ہمارا دورِ حکومت تھا تب 28 مئی یوم تکبیر کو نہیں منایا گیا، جس طرح اس دن کو آج منایا گیا اسی طرح پہلے بھی منایا جاتا رہا ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام نیوز لائن میں گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے ووٹرز کا پارٹی قیادت پر دباؤ ہے کہ ملک کے مسائل کے حوالے سے باہر آ کر احتجاج کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ یوم تکبیر ایک قومی خوشی کا دن ہے اور اس حوالے سے سیاست نہیں کرنی چاہئے، پاکستان کو ایٹمی طاقت محض نواز شریف نے نہیں بنایا بلکہ اس میں دیگر لوگوں کی بھی محنت شامل ہے مگر اس مشکل دور میں سابق وزیراعظم نے ایک مشکل فیصلہ کیا تھا جو انہوں نے وطن کی خاطر کیا۔

لیگی رہنما نے کہا کہ حکومت غیر سنجیدہ نظر آ رہی ہے جب کہ ملک کو سنگین مسائل درپیش ہیں، ایسی صورتحال میں اپوزیشن کا چپ بیٹھنا حکومت کا ساتھ دینے کے برابر ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بتائے کہ ان کا وزیر داخلہ اور وزیر دفاع کدھر ہے، اسمبلی میں آ کر اپوزیشن کے سوالات کے جواب صرف مراد سعید دے رہے ہیں جو جواب کم اور اپوزیشن کو چور چور زیادہ کہتے ہیں۔

 


متعلقہ خبریں