عید پانچ جون کو ہی ہوگی، فواد چوہدری


وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ حکومت رویت ہلال کمیٹی پر دباؤ ڈال کر نہیں کہہ سکتی کہ کب عید کے چاند کا اعلان کیا جائے لیکن یہ مسئلہ حل ہوچکا ہے اور عید پانچ جون ہی کو ہوگی۔

پروگرام میں بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ان کی جانب سے بنائے گئے قمری کلینڈر پر کابینہ میں بھی تفصیلی بات چیت ہوئی اور وزیراعظم سمیت پوری کابینہ نے اس کی بھرپور حمایت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنا قمری کلینڈر اسلامی نظریاتی کونسل میں بھجوادیا ہے، انہوں نے رائے دینی ہے ۔

خیال رہے کہ اس سے قبل 26 مئی کو وفاقی وزیر نے ملک میں 5 جون کو عید الفطر کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ سائنسدانوں کی مدد سے چاند دیکھنے کی ایپلیکیشن تیار کرلی ہے۔

مزید پڑھیں: عید الفطر 5 جون کو ہو گی، فواد چوہدری

فواد چوہدری نے لاہور میں پاکستان کی پہلی چاند دیکھنے کی ویب سائٹ کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب ہر شخص ویب سائٹ پر پاکستان میں چاند کی صورت حال کے بارے جان سکے گا جبکہ ویب سائٹ میں ہجری کیلنڈر بھی ڈال دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیر سے ویب سائٹ کی ایپ بھی شروع کر دی جائے گی جو پلے اسٹور پر موجود ہو گی اور وہاں سے ڈاؤن لوڈ کی جاسکے گی۔

دوسری جانب چیئرمین اسلام نظریاتی کونسل قبلہ ایاز نے ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے تفصیلی کیلنڈر بھیجا ہے جس پر تحقیق کی جا رہی ہے جبکہ ہم اس معاملے پر تمام علمائے کرام سے مشاورت کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فواد چودھری کو انتظار کرنا چاہیے تھا، آنکھ کے ذریعے چاند دیکھنا بہت ضروری ہے جبکہ رمضان المبارک کے چاند کا اعلان رویت کےمطابق ہی ہونا چاہیے۔


متعلقہ خبریں