پنجاب:پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے زیادہ وسائل مختص کرنے کا فیصلہ

پنجاب:پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے زیادہ وسائل مختص کرنے کا فیصلہ

پنجاب حکومت نے رواں مالی سال کے بجٹ میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لئے زیادہ وسائل مختص کرنے کا فیصلہ کیاہے ۔یہ فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت اعلی سطح کے اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں نئے مالی سال 2019-20ء کے بجٹ کی تجاویز اورسالانہ ترقیاتی پروگرام کے خدوخال کاتفصیلی جائزہ لیاگیا۔ صوبے کے عوام کو بنیادی ضروریات ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرنے کیلئے وسائل میں اضافے کیلئے تجاویزپر بھی غور کیاگیا۔

وزیر اعلی پنجاب  سردار عثمان بزدار نے نئے بجٹ کو عوا م کی امنگوں اوربنیادی ضروریات کے مطابق بنانے کی ہدایت کی ۔

سردار عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سماجی شعبوں کی ترقی کے لئے پہلے سے زیادہ فنڈز رکھے جائیں گے۔ قومی وسائل تعلیم،صحت اورعوام کے فلاح و بہبود پر خرچ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے کو ماضی کی حکومتوں نے نظر انداز کیاہے۔سابق ادوار میں کاشتکار استحصالی نظام کا شکاررہا،ہماری حکومت نے کاشتکار کے حقوق کا تحفظ کیا ہے۔گندم اورگنے کے کاشتکار کو اس کی محنت کاپورا معاوضہ ملا ہے۔آئندہ بجٹ میں بھی  زرعی شعبہ ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ زراعت کے شعبہ کی  پائیدار ترقی کیلئےآئندہ مالی سال کے بجٹ میں  ریکارڈفنڈز مختص کیے جائیں گے۔

وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ غیر ضروری اخراجات کو کم کرکے عوام کی فلاح وبہبود کے لئے زیادہ وسائل مہیا کریں گے۔پنجاب میں مختلف سیکٹرز میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو فروغ دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ قومی تعمیر نو کے منصوبوں اور سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے وسائل میں اضافہ وقت کی ضرورت ہے۔صوبے کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے:پنجاب حکومت کے آئندہ چار سال کے ترقیاتی اہداف

آج ہونے والے اجلاس میں نئے مالی سال 2019-20ء کے بجٹ کی تجاویز،سالانہ ترقیاتی پروگرام اوروسائل میں اضافے کے بارے میں سفارشات پر بریفنگ دی گئی ۔

صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت، مشیر اقتصادی امور و منصوبہ بندی ڈاکٹر سلمان شاہ، چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقی، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری خزانہ اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔


متعلقہ خبریں