ملائیشیا سے 320 پاکستانی قیدی آج پاکستان پہنچیں گے

ملائیشیا سے 320 پاکستانی قیدی آج پاکستان پہنچیں گے

ملائیشیا سے 320 پاکستانی قیدی خصوصی طیارے کے ذریعے آج پاکستان پہنچیں گے۔وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پرملائیشیا میں قید پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئےپی آئی اے کا خصوصی  طیارہ کوالالمپور ائرپورٹ پہنچ گیا ہے۔

پاکستان انٹر نیشنل ائر لائنز(پی آئی اے)ذرائع کا کہنا ہے  کہ تمام مسافروں کی بورڈنگ کا عمل مکمل ہوگیاہے۔ کوالالمپور ائرپورٹ پر پاکستان آنیوالوں کا جوش و خروش دیدنی تھا  ،ائر پورٹ پر پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے گئے ۔

320پاکستانیوں کو لیکر پی آئی اے کا خصوصی طیارہ کوالالمپور کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر 3بجے پاکستان کیلئے روانہ ہوگا۔

توقع کی جا رہی ہے کہ یہ خصوصی طیارہ آج رات نو سے دس بجے کے درمیان اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کریگا۔

یہ 320 پاکستانی ملائشیا کی مختلف جیلوں میں اپنی سزا مکمل کرنے کے بعد ،براہ راست فلائیٹ کی عدم موجودگی کے سبب پاکستان آنے سے قاصر تھے۔

اس صورتحال کے پیشِ نظر وزیر اعظم عمران خان نے ان پاکستانیوں کی عید سے قبل وطن واپسی کے لیے خصوصی ہدایات جاری کیں تھیں۔

وزارتِ خارجہ نے ملائشیا میں واپسی کے منتظر ان پاکستانیوں کی واپسی کے تمام انتظامات، پی آئی اے،او پی ڈویژن اور بیت المال کی معاونت سے مکمل کئے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سےگزشتہ روز  جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پرپی آئی اے کا طیارہ پاکستانی قیدیوں  کووطن واپس لائے گا۔

ترجمان کے مطابق ملائیشیاکی جیلوں میں متعدد پاکستانی اپنی قید کی مدت مکمل کرچکے ہیں۔ وزیراعظم نے قیدیوں کو عیدالفطر سے پہلے اہلخانہ کے پاس پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے طابق وزارت خارجہ نے ملائیشیا میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کےلیے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔

واضح رہے پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے بھی  رواں ماہ کے دوسرے ہفتے میں ہونے والی بریفنگ میں کہا تھا کہ یو اے ای سے 3500 پاکستانی قیدیوں کو رہا کیا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں 572 قیدیوں کو رہا کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا تھا کہ رہا ہونے والوں میں ابوظہبی سے 262 ، عجمان سے 65، فجیرہ سے 62 اور شارجہ سے 52 پاکستانی قیدی شامل ہیں۔

اسی بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ امریکہ سے 50 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا تھا کہ ڈی پورٹ ہونا پاک امریکہ تعلقات کے ایجنڈے کا حصہ ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے یو اے ای کی جیلوں میں قید پاکستان کے 572 قیدیوں کی رہائی پر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان اور ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ۔

یہ بھی پڑھیے:572 پاکستانی قیدیوں کی رہائی، عمران خان کا اظہار تشکر

عمران خان کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاکہ متحدہ عرب امارات کی مختلف جیلوں میں قید پاکستانی قیدیوں کی رہائی رمضان المبارک کے ماہ مقدس میں عمل میں آئی ہے۔


متعلقہ خبریں