عید کے بعد سڑکوں پر نکلیں گے، بلاول بھٹو


اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے عید کے بعد سڑکوں پر نکلنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت میں ملک چلانے کی صلاحیت نہیں ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تمام اعتراضات کے باوجود ہم چاہتے ہیں کہ جمہوریت مضبوط ہو۔ ملک میں مزدوروں، کسانوں اور بے روزگاروں کا معاشی قتل عام ہو رہا ہے اور ججز کے خلاف سازشیں کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو چور قرار دینے سے معیشت پر اثر پڑ رہا ہے کیونکہ حکومت نے 80 فیصد بیورو کریٹس اور سرمایہ کاروں کو چور قرار دیا۔ نیب سیاسی انتقام اور انجینئرنگ کے لیے بنایا گیا ہے۔

بلاول بھٹو نے نیب ہیڈ کوارٹر میں پیشی کے موقع پر پولیس کے لاٹھی چارج کی مذمت کرتے ہوئے عمران خان کو نااہل اور نالائق وزیر اعظم قرار دے دیا۔ کہتے ہیں کہ عمران خان سازش پر اتر آئے ہیں اور ہر ادارے کو اپنے کنٹرول میں کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں آج اس کیس میں پیش ہوا جب میں اسکول جاتا تھا اور اس بزنس میں میرا عمل دخل ہی نہیں جبکہ اسی بنیاد پر سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ مجھے گھسیٹا گیا۔ جب نیب اور ایف آئی اے کو کاروباری افراد کے پیچھے بھیجا جاتا ہے تو اس کا اثر معیشت پر بھی پڑتا ہے۔

نیب میں پیشی سے متعلق بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ 20 منٹ تک میرا نیب میں انٹرویو ہوا اور میں جس سوال کا جواب دے سکتا تھا میں نے دیا۔ نیب نے مجھے سوالنامہ دیا ہے جس کا جواب میں جلد دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم کل بھی باعزت بری ہوئے تھے اور آج بھی باعزت بری ہوں گے۔ عمران خان مخالفین کے خلاف ریاست کو استعمال کر رہے ہیں۔

بلاول بھٹو نے سیکیورٹی اہلکاروں پر حملے کے الزام میں گرفتار رکن اسمبلی علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔

چیئرمین نیب سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب کی جاری ہونے والی ویڈیو کے معاملے میں سازش نظر آ رہی ہے اس معاملے کی تحقیقات ہونی چاہیئیں۔


متعلقہ خبریں