ایڈیشنل اٹارنی جنرل پاکستان زاہد فخرالدین جی ابراہیم مستعفی

ایڈیشنل اٹارنی جنرل پاکستان زاہد فخرالدین جی ابراہیم مستعفی

سپریم جوڈیشل کونسل میں ججز کے خلاف مبینہ حکومتی ریفرنس کا معاملہ سامنے آنے پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل پاکستان زاہد فخرالدین جی ابراہیم نےاحتجاجا استعفیٰ دےدیا ہے۔

زاہد فخرالدین جی ابراہیم نے استعفیٰ صدر مملکت کو بھجوادیا اور کام جاری رکھنے سے معذرت کر لی ہے۔

زاہد فخر نے استعفی میں لکھا ہے کہ یہ معاملہ احتساب کا نہیں عدالتی آزادی اور عدلیہ کی حرمت کا ہے۔ موجودہ ریفرنس سے عدالتی ادارے کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔

زاہد فخرالدین جی ابراہیم نے اپنے استعفی میں لکھا کہ ریفرنس ایسے ادارے کے خلاف ہے جو جمہوری اور بنیادی حقوق کی ضمانت یقینی بناتا ہے۔ انہوں نے مزید لکھا کہ وہ اس ریفرنس کی وجہ سے احتجاجاً اپنے عہدے سے استعفیٰ دے رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے ہائی کورٹس کے دو اور سپریم کورٹ کے ایک جج کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنسز دائر کئے گئے ہیں۔

حکومت کی جانب سے ریفرنسز میں ججوں پر بیرون ملک جائیدادیں ظاہر نہ کرنے کے الزام لگایا گیا ہے۔

فخرالدین جی ابراہیم نے اپنے استعفے کی کاپی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرڈالی تومسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے اس پر شدید رد عمل دیا اورٹوئٹر صارفین نے انہیں اس اقدام پر سراہاہے ۔

سابق وزیراعظم نوا زشریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ باکردار اور شفاف شہرت کے حامل جج صاحبان پر سوچی سمجھی سازش کے تحت جعلی حکومت کے حملوں کی مسلم لیگ ن بھر پور مزاحمت کرے گی۔

 

عثمان جگتا پوری کے نام سے ٹوئٹر صارف نے لکھا ’’’سر آپ جیسے باضمیر افراد پر اس ملک کو فخر ہے صرف نوکری بچانے کی خاطر عدالتی وقار اور انصاف کے نظام کو داؤ پر لگانے سے استعفی دینا بہتر ہے۔آپ کا نام عدالتی نظام کی حرمت بچانے والے کے طور پر ہمیشہ عزت سے لیا جائے گا۔‘‘


متعلقہ خبریں