‘چیئرمین نیب کے معاملے کا کھرا وزیراعظم آفس جاتا ہے’



اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ہماری پارٹی چیئرمین نیب کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی کی چھان بین کی خواہشمند ہے کیوں کہ ہمیں شک ہے کہ کھرا وزیراعظم آفس میں جاتا ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام ’ندیم ملک لائیو‘ میں میزبان ندیم ملک نے سوال اٹھایا کہ آڈیو ویڈیو لیک ہونے پر چیئرمین نیب کا احتساب کون کرے گا؟ اور معاملہ کیسے حل ہوگا؟

ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت چاہے تو چیئرمین نیب کا معاملہ سپریم جوڈیشل کونسل کو بھی بھیج سکتی ہے لیکن ہم چاہتے ہیں کہ معاملے کی تہہ تک پہنچا جائے اور پس پردہ کرداروں کو بے نقاب کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو خود چاہیے تھا کہ نوٹس لے اور قوم کو سچ بتائے لیکن میرا خیال ہے کہ سارے معاملے سے حکومت ہی فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔

انہوں نے آج  پیپلزپارٹی ورکرز پر پولیس کی طرف سے ہونے والی تشدد کی  مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسا ممکن نہیں کہ کوئی ورکر اپنے لیڈر کے لیے نہ نکلے، آپ ان کو نہیں روک سکتے۔

رانا تنویر کا کہنا تھا کہ سیاسی ورکز پر کسی جمہوریت میں تشدد نہیں کیا جاتا۔ پی پی کارکنان پر تشدد کے لیے حکومت نے جو حربہ استعمال کیا وہ بالکل غلط تھا۔


متعلقہ خبریں