آرمی چیف سے افغان مشیر قومی سلامتی کی ملاقات

آرمی چیف سے افغان مشیر قومی سلامتی کی ملاقات

فوٹو: آئی ایس پی آر


راولپنڈی:  افغان حکومت کے مشیر برائے قومی سلامتی حمد اللہ محب کی قیادت میں ایک وفد نے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ہے جس میں باہمی دلچسپی سمیت خطے میں امن و استحکام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں پاک افغان بارڈر مینجمنٹ اور افغان مفاہمتی عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

افغانستان قومی سلامتی کونسل کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری ایک مختصر بیان میں بتایا گیا ہے کہ راولپنڈی میں جنرل قمر جاوید باجوہ کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات میں افغان امن عمل، انسداد دہشت گردی میں تعاون اور علاقائی اقتصادی رابطوں کو فروغ دینے کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

افغانستان کے مشیر قومی سلامتی آرمی چیف کی دعوت پر آج ہی 13 رکنی وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچے ہیں۔ وفد میں  وزارت دفاع، داخلہ، خارجہ اور قومی سلامتی امور کے حکام بھی شامل ہیں۔

ہم نیوز کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق افغان مشیر کے ساتھ دوطرفہ سیکیورٹی معاملات اور افغانستان سے پاک سرزمین پر دہشت گرد کارروائیوں پر بات چیت کی گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ افغان وفد کے دورہ پاکستان میں دونوں ممالک کے درمیان خفیہ معلومات کا تبادلہ اور افغان مفاہمتی عمل میں اب تک کی پیشرفت پر بھی بات ہوگی۔


متعلقہ خبریں