ریفرنس کی نقل کیلئے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا صدر مملکت کو خط


اسلام آباد: جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ایک خط میں سپریم جوڈیشل کونسل میں حکومت کی جانب سے ریفرنس دائر ہونے سے متعلق دریافت کیا ہے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ خط میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریفرنس کی نقل کا بھی تقاضہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق انہوں نے شکوہ بھی کیا ہے کہ ریفرنس میں موجود مخصوص خبریں لیک کی جا رہی ہیں۔

اس سے قبل اطلاعات آئی تھیں کہ حکومت نے ہائی کورٹس کے دو اور سپریم کورٹ کے ایک جج کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنسز دائر کر دیے ہیں جن پر حزب اختلاف کے رہنماؤں نے سخت تنقید کرتے ہوئے اسے عدلیہ کی آزادی سلب کرنے کے مترادف قرار دیا۔

 پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ اعلیٰ عدلیہ کے تین معزز جج صاحبان کے خلاف ریفرنس جعلی حکومت کا ایک اور آمرانہ اور خوف پر مبنی اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ حق و انصاف کی ہر آواز کو کچلنے کا جو سلسلہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ایک جج سے شروع ہوا وہ آج ظلم و جبر کی نئی سطح تک آن پہنچا ہے۔

مزید پڑھیں: ایڈیشنل اٹارنی جنرل پاکستان زاہد فخرالدین جی ابراہیم مستعفی

مریم نواز کا کہنا تھا کہ باکردار اور شفاف شہرت کے حامل جج صاحبان پر سوچی سمجھی سازش کے تحت جعلی حکومت کے حملوں کی مسلم لیگ ن بھر پور مزاحمت کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ جعلی اور ووٹ چور حکومت کے منہ پر ایک طمانچہ جس کی گونج دور دور تک سنائی دے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ نااہل حکومت ہی اداروں کی بدنامی کا باعث ہے، ہر ادارے کی ساکھ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا کر نالائق اعظم کی حکومت نے ملک کو شدید خطرات سے دو چار کر دیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومتی احکامات کی بجائے آئین اور قانون کے مطابق فیصلے کرنے والے ججز کو ایک ایک کرکے ہٹایا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں