پی ٹی ایم کیلیے’وقت ختم‘ والی بات نہ کی جائے ، پی پی رہنما



اسلام  آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما چوہدری منظور حسین نے کہا کہ پشتون تحفظ موومٹ (پی ٹی ایم) رہنماؤں کے بیانات بلاشبہ قابل مذمت ہیں، ان کی بات بھی سننی چاہیے تاہم ’وقت ختم‘ والی بات درست نہیں۔

ہم نیوز کے پروگرام ’نیوزلائن‘ میں بات کرتے ہوئے پی پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ علی وزیر کا بھائی فاروق 2003 میں مارا گیا، ان کے والد، دو بھائیوں اور بھتیجوں کو طالبان نے قتل کیا اور وہ ہتھکڑیوں کے ساتھ جنازوں میں شریک ہوتے رہے۔

انہوں نے کہا طالبان کو ہمارے اداروں کا تعاون حاصل رہا اور حکومت نے قاتلوں کے خلاف کچھ نہیں کیا۔

منظورحسین کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ کم از کم علی وزیر کی بات سنی جائے جب تک وہ قومی اسمبلی کے رکن ہیں ان کے پروڈکشن آرڈر جاری ہونے چاہئیں۔

انہوں نے کہا میں بھی سمجھتا ہوں کہ حالات کو اس نہج پر نہیں جانا چاہیے تھا اور پی ٹی ایم رہنماؤں کے بیانات بھی قابل مذمت ہیں لیکن کمیشن کے سامنے بلا کر ان کی بات سننے میں کیا برائی ہے؟

’پی ٹی ایم کی قیادت اگر غلط ہے تو کیا ان کی بات بھی نہیں سنی جائے گی؟ اور اگر آپ بات نہیں سننا چاہتے تو اس کا مطلب ہے کہ فیصلہ پہلی ہی ہوچکا ہے۔‘

پی پی رہنما نے کہا کہ اتنا بڑا سانحہ ہوگیا لیکن وزیراعظم، وزیر دفاع اور وزیر داخلہ نظر نہیں آرہے اس طرح کی صورت حال میں چیزیں مزید خراب ہوں گی۔

 


متعلقہ خبریں