اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے خلاف ریفرنس دائر

اسیپکر سندھ اسمبلی آغاسراج درانی پر فرد جرم عائد

فوٹو: فائل


قومی احتساب بیورو (نیب) نے سندھ اسمبلی کے اسپیکرآغا سراج درانی کے خلاف کراچی کی  احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کردیاہے۔

قومی احتساب بیورو (نیب) ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ آغا سراج درانی کے خلاف دائر ریفرنس میں 20 ملزمان پر ایک ارب 60 کروڑ روپے کی کرپشن کا الزام ہے۔

نیب کے مطابق ریفرنس میں آغا سراج درانی کی اہلیہ، بیٹا، 4 بیٹیوں، ایک بھائی اور ملازم کو بھی شامل کیا گیاہے۔

نیب ریفرنس کے مطابق  آغاسراج درانی نے ایک ارب 61 کروڑ روپے سے زائد کے اثاثے بنائے ہیں جن میں سے انہوں نے کچھ جائیدادیں فروخت بھی کردی ہیں۔

آغا سراج درانی کے غیر قانونی اثاثہ جات میں گھر اور35 گاڑیاں شامل ہیں، ان کے لاکر سے 350 تولہ سونا بھی برآمد ہواہے، ملزم اور دیگر اہلخانہ سے 11کروڑ روپے کی قیمتی گھڑیاں بھی ریڈ کے دوران برآمد کی گئیں۔

ریفرنس میں مزید بتایا گیا ہےکہ آغاسراج درانی نے2007 سے 2018 تک 11کروڑ روپے آمدن ظاہر کی ہے، یہ آمدن زرعی زمنیوں کی بتائی گئی ہے جب کہ دوران تفتیش ملزم نے آمدنی 8 کروڑ بتائی تھی۔

ریفرنس کے مطابق اثاثوں میں 11 گاڑیاں، بیٹے، اہلیہ اور بیٹوں کے نام پر کراچی اور ایبٹ آباد میں جائیداد ہیں، جائیدادوں کی رقم کی ادائیگی ملازمین کے نام سے کی گئی۔

آغا سراج درانی کے وکیل نے بتایا کہ ان کی ایک درخواست ابھی بھی زیر التواء ہے اور ریفرنس ابھی قابل سماعت نہیں ہے لہٰذا عدالت پابند نہیں ہے کہ ریفرنس کو لازمی سماعت کے لیے منظور کرے۔

دوسری جانب آج کراچی کی احتساب عدالت نے آغا سراج درانی کے عدالتی ریمانڈ میں 17 جون تک توسیع کردی ہے۔

احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کا کہنا تھا  کہ تین مہینے سےانتظار کر رہے تھے اب ریفرنس فائل ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ حکومت 50 لوگوں کو سنبھال نہیں سکتی، اس حکومت کو جیالوں کا علم نہیں ہے، جیالوں نے ضیاء کے مارشل لاء اور مشرف جیسے آمر کا سامنا کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے:آغا سراج درانی کے خلاف ریفرنس دائر کرکے 11جون تک رپورٹ دینے کا حکم

واضح رہےکہ نیب نے پیپلزپارٹی کے رہنما آغا سراج درانی کو 20 فروری کو اسلام آباد سے گرفتار کیا، نیب حکام نے کراچی میں ان کی رہائش گاہ پر چھاپے بھی مارے جہاں حکام کچھ دستاویزات ساتھ لے گئے تھے۔


متعلقہ خبریں