رواں سیشن میں علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنیکا فیصلہ

رکن قومی اسمبلی علی وزیر جیل منتقل

فوٹو: فائل


اسلام آباد:قومی اسمبلی کے رواں اجلاس میں علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر ز جاری نہ کرنے کا فیصلہ سامنے آیاہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ علی وزیر کی گرفتاری سے متعلق آج ہی سپیکر آفس کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا گیا ہے۔قومی اسمبلی سیکرٹیریٹ رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ کی گرفتاری سے بھی تاحال لاعلم ہے۔

ہم نیوز کو ذرائع کی طرف سے بتایا گیاہے کہ علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر ز جاری کرنے سے متعلق کوئی تحریری درخواست بھی نہیں ملی۔تحریری درخواست ملنے کے بعد بھی پروڈکشن آرڈرز کے اجرا کے لئے چودہ روز کا وقت ہوتا ہے۔

یاد رہے پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری جنوبی وزیرستان سے رکن قومی اسمبلی علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کرچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے:عید کے بعد سڑکوں پر نکلیں گے، بلاول بھٹو

واضح رہے کہ پاک فوج کی چیک پوسٹ پر مبینہ حملے میں ملوث رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ کو شمالی وزیرستان سے گرفتار کرنے کی خبر آج ہی سامنے آئی ہے۔

ذرائع کے مطابق رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ خاڑ قمر چیک پوسٹ پر حملے کے بعد سے مفرور تھا اور پی ٹی ایم کے کارکنان کے ساتھ مل کے علاقہ میں اشتعال انگیز کارروائیوں میں مصروف تھا۔

واضح رہے کہ چار روز قبل رکن قومی اسمبلی محسن داوڑاور علی وزیر نے اپنے مسلح ساتھیوں سمیت مبینہ طور پرسیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کر دیا تھا جس کے نتیجے میں 5 اہلکار زخمی ہوئے جبکہ جوابی کارروائی میں 3 حملہ آور مارے گئے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا تھا کہ محسن داوڑ اور علی وزیر کی سربراہی میں ایک گروہ نے خاڑ قمر چیک پوسٹ پر حملہ کیا، جس کا مقصد دہشتگردوں کے مشتبہ سہولت کار کو رہائی دلوانا تھا۔ جسے ایک روز قبل گرفتار کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے:محسن داوڑ شمالی وزیرستان سے گرفتار


متعلقہ خبریں