سیب کے برابر وزن والی بچی کی کہانی

سیب کے وزن برابر بچی کی پیدائش

سیب کے وزن برابر بچی کی پیدائش


سان ڈیاگو: امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر سان ڈ یا گو کے شارپ میری برج اسپتال سے جب پانچ پاؤنڈ کی ’سیبی‘ کو لے کر اس کے والدین ماہ رواں کی ابتدا میں گھر روانہ ہوئے تو دیکھنے والوں کے لیے وہ عام سی بات تھی کیونکہ انہیں معلوم نہیں تھا کہ وہ ’دنیا‘ کی سب سے ’چھوٹی بچی‘ کو اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں۔

جی ہاں! سیبی جب پیدا ہوئی تو اس کا وزن صرف 245 گرام (8.6 اونس) تھا جو ایک سیب کے برابر ہے۔

’اردو نیوزجدہ‘ کے مطابق سیبی کا ’نام‘ اسپتال کے عملے نے اس کے وزن اور قد کو مد نظر رکھ کر تجویز کیا تھا۔اسپتال کی  نرس ایما وائسٹ کا کہنا ہے کہ سیبی پیدا ہونے کے وقت اس قدر چھوٹی تھی کہ اسے بمشکل بستر پر دیکھا جا سکتا تھا اور اس کا وزن بچوں کے جوس کے ڈبے کے برابر تھا۔

ایما وائسٹ کا کہنا ہے کہ اسے آسانی کے ساتھ ہتھیلی پر اٹھانا ممکن تھا۔ وہ کہتی ہیں کہ جب انہیں معلوم ہوا کہ اسپتال میں اتنی چھوٹی بچی پیدا ہوئی ہے تو انہوں نے یقین نہیں کیا کیونکہ اس کا وزن 23 ہفتوں کے بعد جنم لینے والے بچے سے نصف تھا۔

سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار کے مطابق سیبی سے قبل دنیا کے سب سے چھوٹے بچے کا ریکارڈ جرمنی کے ایک بچے کا ہے جو 2015 میں پیدا ہوا تھا۔ اس کا پیدائش کے وقت وزن سیبی سے سات گرام زیادہ تھا۔

اردو نیوز جدہ کے مطابق یونیورسٹی آف آئیووا کی چھوٹے اور کم وزن بچوں کی فہرست کے مطابق سیبی دنیا کی سب سے چھوٹی بچی ہے۔ سیبی اس لحاظ سے خوش قسمت ہے کہ وہ پیدائش کے بعد زندہ اور صحتمند ہونے کے علاوہ والدین کے ہمراہ اپنے گھر بھی جا چکی ہے۔

شارپ میری برچ اسپتال میں جب سیبی کی پیدائش ہوئی تو اس وقت اس کی والدہ 23 ہفتے اور تین دن کی حاملہ تھیں۔ڈاکٹروں نے سیبی کی پیدائش کے وقت ان کے والد کو بتایا تھا کہ ان کی بچی صرف ایک گھنٹہ ہی زندہ رہ سکے گی۔

اردو نیوز کے مطابق اسپتال کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں بچی کی والدہ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں کا ایک گھنٹہ کئی گھنٹوں میں تبدیل ہوا اور پھر ہفتہ گزر گیا۔

اسپتال کے مطابق سیبی کی پیدائش گذشتہ سال دسمبر کے مہینے میں آپریشن کے ذریعے ہوئی تھی۔ اس آپریشن میں اتنی پیچیدگیاں تھیں کہ سیبی کی والدہ کی جان کو بھی خطرات لاحق ہوگئے تھے۔

اردو نیوز جدہ کے مطابق یونیورسٹی آف آئیووا کے پروفیسر ایڈورڈ بیل نے ایک عالمی خبررساں ایجنسی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یقیناً! کچھ لوگ یقین نہیں کریں گے مگر معجزات زندگی ہی میں رونما ہوتے ہیں۔


متعلقہ خبریں