ملالہ کے ہلکے پھلکے تبصرے پر بھارتی سیخ پا

ملالہ کے ہلکے پھلکے تبصرے پر بھارتی سیخ پا

لندن: نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کے ایک ہلکے پھلکے پر بھارتی سیخ پا ہو گئے۔

کرکٹ کے عالمی کپ کے موقع پر 10 اقوام کے کھلاڑی اور فنکار اکٹھے ہوئے تو انہوں نے 60 سیکنڈ کی ’گلی کرکٹ‘ کھیلی جس میں پاکستان کی نمائندگی ملالہ یوسف زئی اور کرکٹر اظہر علی نے کی۔

اس کھیل میں بھارت کی جانب سے انیل کامبلے اور اداکار فرحان اختر کھیلے، انہوں نے 60 سیکنڈ میں فقط 19 رنز بنائے جبکہ ملالہ یوسف زئی اور اظہر علی نے 38 رنز بنائے۔

گلی کرکٹ کے اس دلچسپ کھیل میں پاکستان ساتویں اور بھارت آخری نمبر پر رہا۔

کھیل کے اختتام پر میزبان شیبانی ڈنڈیکر نے ملالہ سے ٹیم کی کارکردگی کے بارے میں سوال کیا تو انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ پاکستان اتنا برا نہیں کھیلا، ہم ساتویں نمبر پر آئے ہیں جبکہ بھارت آخری نمبر پر آیا ہے۔

اگرچہ ملالہ کے انداز میں شرارت تھی اور انہوں نے اگلے ہی جملے میں بھارتی کرکٹ کی تعریف بھی کی لیکن ٹوئٹر پر بھارتی شائقین کو یہ بات پسند نہ آئی اور انہوں نے اسے بھارت کے خلاف نفرت کا اظہار قرار دے دیا۔

ایک بھارتی صارف نے کہا کہ مجھے یہ سمجھ نہیں آ رہی کہ آئی سی سی نے ملالہ کو 60 سیکنڈ کرکٹ میں کس لیے مدعو کیا تھا۔

بھارت سے تعلق رکھنے والی ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ ملالہ اس ایوارڈ کی حقدار نہیں تھیں۔


متعلقہ خبریں