آرمی چیف نے فوجی افسروں کی سزاؤں کی توثیق کر دی


راولپنڈی: جاسوسی کے الزامات کے تحت پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے دو ریٹائرڈ فوجی افسران اور ایک سول افسر کی سزا کی توثیق کر دی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل جاوید اقبال (ر) کو 14 سال قید جبکہ بریگیڈیئر (ر) راجا رضوان کو سزائے موت سنائی گئی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ڈاکٹر وسیم اکرم کو بھی سزائے موت سنائی گئی، یہ افسران غیر ملکی ایجنسیوں کو حساس معلومات افشا کیا کرتے تھے۔

تجزیہ کار طلعت مسعود نے ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ان سزاؤں کو بالکل درست قرار دیا اور کہا کہ ان لوگوں نے پاکستان کے خلاف جاسوسی اور وطن کے ساتھ دشمنی کی۔

انہوں نے کہا کہ مجرمان نے دشمن ملک کو معلومات فراہم کیں، ان کو یہی سزائیں ملنی چاہیے تھیں۔

طلعت مسعود کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے اپنی پرانی روایت کو نہ صرف برقرار رکھا ہے بلکہ اسے بہتر بھی کیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس سے ایک بہت اچھا پیغام جاتا ہے، ادارے کے سینئر افسروں کو بھی نہیں چھوڑا گیا اور مثالی سزا دی گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ دو سالوں کے دوران مختلف رینک کے 400 افسران کو سزائیں دی گئیں، ان میں سے بیشتر کو ملازمت سے بھی برخاست کر دیا گیا۔


متعلقہ خبریں