جاوید میانداد کا پاکستان کو ماضی کو بھول کر میدان میں اترنے کا مشورہ


اسلام آباد: سابق ٹیسٹ کرکٹر اور کپتان جاوید میانداد کا کہنا ہے کہ ہر دن نیا دن ہوتا ہے، اس لیے ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان کو نئے دن کے حساب سے سوچنا ہوگا۔

ہم نیوز کے پروگرام پروگرام ’بڑی بات‘ میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کل 400 سے زائد رنز بن رہے ہیں اور دیگر ٹیمیں 300 سے اوپر رنز بناتی ہیں لیکن پاکستانی ٹیم ایسا نہیں کرپارہی ہے۔

جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے میچز مشکل ہوں گے، ہماری کرکٹ ابھی تک نکھری نہیں ہے اور ’اللہ کرے‘، ’انشاءاللہ‘ اور ماشاءاللہ کے گرد گھومتی رہتی ہے۔

مزید پڑھیں: ویسٹ انڈیز کیخلاف میچ کیلئے قومی ٹیم کا اعلان

ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کے ساتھ کھیلنا نہایت مشکل ہوگیا ہے کیونکہ یہ ٹیمیں 400 تک کا ہدف بھی حاصل کرلیتی ہیں۔

جاوید میانداد نے کہا کہ پاکستان کو اپنے کھیل سے مطلب ہونا چاہیے، یہ نہیں سوچنا کہ سامنے کون ہے، جو کچھ ماضی میں ہوا، سب کچھ بھول کر اسٹیڈیم میں اترنا ہوگا۔

جاوید میانداد نے مزید کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں ہر کھلاڑی کو خود پر اعتماد رکھنا ہوگا اور منصوبہ بندی کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ 92 میں کوئی نہیں سوچ سکتا تھا کہ ہم ورلڈ کپ جیت جائیں گے لیکن اگر آپ کلک کرجائیں تو کچھ بھی ہوسکتا ہے۔


متعلقہ خبریں