پاکستان کی مایوس کن کارکردگی، ویسٹ انڈیز 7 وکٹوں سے کامیاب


ناٹنگھم: ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو ورلڈکپ 2019 کے اپنے پہلے میچ میں یک طرفہ مقابلے کے بعد سات وکٹوں سے شکست دے دی۔

پاکستان کے 106 رنز کے آسان ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز نے مطلوبہ ہدف 13 ویں اوور کی چوتھی گیند پر عبور کر لیا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے کرس گیل نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 50 رنز اسکور کئے ان کی اس اننگز میں 6 چوکے اور تین چھکے شامل تھے، پاکستان کے لئے اس میچ میں واحد اچھا پہلو محمد عامر کی تین وکٹیں کے ساتھ فارم میں واپس آنا تھا۔

میچ میں عمدہ باولنگ کرنے پر اوشنا تھومس کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا، انہوں نے 27 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔

پاکستان کی اننگز

اس سے قبل پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لئے 106 رنز کا ہدف دیا تھا، ویسٹ انڈیز کی دعوت پر قومی ٹیم بری طرح فلاپ ہو گئی اور 21 ویں اوور میں محض 105 رنز ہی بنا سکی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے اوشانا تھومس نے چار جبکہ جیسن ہولڈر نے تین اور آنڈرے رسل نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

قومی ٹیم کے بلے بازوں کے آؤٹ ہونے پر نظر دوڑائیں تو محمد حفیظ 16 حسن علی ، شاداب خان صفر اور عماد وسیم 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان سرفراز احمد 8 بنا کر پولین لوٹ گئے ۔

اس کے علاوہ بابر اعظم 22 رنز بنا کر تھومس کی تیز گیند بازی کا نشانہ بنے جبکہ  حارث سہیل آنڈرے رسل کی تیز اور باونسی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

اس سے قبل فخر زمان 22 رنز بنا کر آنڈرے رسل کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوئے، امام الحق 2 رن بنا کر کوٹرل کے لیگ سائٹ پر جاتی گیند کو کھیلتے ہوئے وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

ٹرینٹ بریج میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ 2019 کے اس دوسرے بڑے ٹاکرے کے حوالے سے اگر گراؤنڈ اور پچ کنڈیشن کی بات کی جائے تو گیندبازوں کو پچ سے مدد ملی جبکہ بارش کے باعث گراؤنڈ گیلا رہا

ٹاس

اس سے قبل ٹاس ہارنے کے بعد پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ وہ موسم اور ہلکی سی شبنم کے مدنظر پہلے گیند بازی کرنا چاہتے تھے تاہم پہلے بلے بازی میں بھی کوئی حرج نہیں کیونکہ اس کے لیے یہ سازگار وکٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے بلے باز فارم میں ہیں، عمدہ  کارکردگی دکھائیں گے اور محمد عامر، وہاب ریاض کے تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے۔

دوسری جانب ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر کہا کہ وہ ابتدا میں ہی چند وکٹیں لینے کی توقع رکھتے ہیں۔

میچ کے لیے بارہ رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔  شعیب ملک،محمد حسنین اورشاہین شاہ آفریدی ٹیم میں جگہ نہ بنا سکے جبکہ محمد عامرٹیم کا حصہ بن گئے۔

دنوں ٹیموں کے اسکواڈ

قومی اسکواڈ میں فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، محمد حفیظ، حارث سہیل اور سرفراز احمد شامل ہیں۔ آصف علی، عماد وسیم، شاداب خان، حسن علی، محمد عامر اور وہاب ریاض بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔

کپتان سرفراز احمد نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ وہ  شکست کا تسلسل توڑیں گے۔

میچ سے ایک دن پہلے دونوں ٹیموں نے ٹرینٹ برج کے میدان پر خوب پریکٹس بھی کی۔ قومی کرکٹ اسکواڈ نے بیٹنگ اور باؤلنگ کی مشق کے ساتھ فیلڈنگ پر بھی  خصوصی توجہ دی۔

یہ بھی پڑھیے:ورلڈ کپ مہم میں انگلینڈ کا فاتحانہ آغاز

محکمہ موسمیات کے مطابق میچ کے بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ نہیں ہے۔ تاہم آسمان پر بادل چھائے رہیں گے۔

آخری گیند تک لڑیں عمران خان کی سرفراز الیون کو نصیحت!

وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹ کے ذریعے قومی ٹیم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ’’ میری پاکستان ٹیم کو نصیحت ہے کہ میچ کی آخری گیند تک لڑیں اور اپنا سو فیصد دیں، ہار کو ذہن میں رکھ کر اگر کھیلیں گے تو یہ آپ کے کھیل کو بھی متاثر کر سکتا ہے، میرے دعائیں اور حمایت سرفراز اور ٹیم کے ساتھ ہے‘‘


متعلقہ خبریں