نریندر مودی دوسری مرتبہ بھارت کے وزیراعظم بن گئے

نریندر مودی دوسری مرتبہ بھارت کے وزیراعظم بن گئے

نریندر مودی دوسری مرتبہ بھارت کے وزیراعظم بن گئے۔ حلف برداری کی تقریب راشٹرپتی بھون یعنی بھارتی ایوان صدر میں ہوئی ، کئی ملکوں کے سربراہان سمیت 6ہزار سے زائد افراد نے تقریب  میں شرکت کی ۔ نریندر مودی کی کابینہ سے کئی پرانے وزیر بھی غائب ہوگئے۔

نریندر مودی پانچ سال کے لئے دوبارہ بھارت کے وزیر اعظم بن گئےہیں۔  مودی سے وزارت عظمی کا حلف صدر رام ناتھ کوند نے لیا۔

نریندر مودی کے بعد انکی نئی کابینہ میں شامل کیے گئے وزراء نے بھی حلف لیا۔ مودی کے بعد حلف لینے والوں میں  راج ناتھ سنگھ اور امیت شاہ  کے علاوہ نتن گڈکری، سمرتی ایرانی ، نرملا سیتا رام ، سدانند گوڑا، پیوش گوئل وغیرہ شامل تھے۔

سابق سیکریٹری خارجہ جے شنکر نے پہلی بار وزارت کے لئے حلف لیا۔ سابق بھارتی وزیر خارجہ  سشما سواراج سمیت کئی پرانے وزیر کابینہ سے غائب ہو گئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سابق وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے بھی خرابی صحت کا بہانہ بنا کر کابینہ میں شمولیت سے انکار کر دیا ہے۔

بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی کی تقریب حلف برداری میں کانگرس رہنما راہول گاندھی ،ان کی والدہ سونیا گاندھی اور سابق وزیراعظم منموہن سنگھ نے بھی شرکت کی۔

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئیر سیاستدان ایل کے ایڈوانی اور مرلی منوہر جوشی بھی تقریب میں شریک تھے۔

خلیج بنگال کے ممالک کی تنظیم BIMSTEC کے رکن ملکوں کو بھی تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی ۔

تنظیم میں ہندوستان،بنگلہ دیش ، میانمار، سری لنکا، تھائی لینڈ ، بھوٹان اور نیپال شامل ہیں، کرغیزستان کے صدر اور موریشئیس کے وزیراعظم بھی تقریب میں موجود تھے۔

واضح رہے کہ بھارت میں ہونے والے حالیہ انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے فیصلہ کن برتری حاصل کی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 542 نشتوں میں سے بھارتیہ جنتا پارٹی نے 300، کانگریس نے 52، اے ڈی ایم کے نے 23، شیو سینا نے 18 اور دیگر چھوٹی بڑی جماعتوں نے 112 نشستیں حاصل کیں۔

بی جے پی اور اس کے اتحادیوں پر مشتمل نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) نے 345 نشستوں پر فتح حاصل کی۔ کانگریس کے اتحاد یونائیٹڈ پراگریسو الائنس صرف 94 نشستیں جیت سکا ۔

یہ بھی پڑھیے:بھارتی انتخابات میں مودی نے میدان مار لیا


متعلقہ خبریں