پیراگون سٹی کیس: خواجہ برادران کے خلاف ریفرنس دائر

خواجہ برادران کیخلاف پیرا گون ہاؤسنگ سوسائٹی کیس کی سماعت آج ہو گی

فوٹو: فائل


قومی احتساب بیورو (نیب )لاہور نے پیراگون سٹی کیس میں خواجہ سعد رفیق، خواجہ سلمان رفیق سمیت 5 ملزمان کیخلاف ریفرنس دائر کردیا۔

نیب کی طرف سے ریفرنس احتساب عدالت لاہور میں  دائر کیا گیاہے ۔

قومی احتساب بیورو نے کہا ہے کہ مذکورہ ریفرنس کے مرکزی ملزمان میں خواجہ سعد رفیق، خواجہ سلمان رفیق، ملزم عمر ضیاء، ملزم ندیم ضیاء اور ملزم فرحان علی وغیرہ شامل ہیں۔

نیب ریفرنس میں  ملزمان پر پیراگون سوسائٹی میں سادہ لوح شہریوں سے 59 کروڑروپے کے فراڈ کا الزام عائد کیا گیاہے۔

نیب ریفرنس کیمطابق خواجہ برادران پیراگون سٹی میں 93.6 فیصد شیئرز کے مالک ہیں۔

ریفرنس میں ملزمان کیجانب سے50 کنال سے زائد کی سرکاری اراضی سوسائٹی میں شامل کرتے ہوئے کروڑوں روپے کے مالی فوائد حاصل کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔

نیب لاہور کی طرف سے کہا گیاہے کہ خواجہ سعد رفیق نے پیراگان سٹی سے 5 کروڑ 80 لاکھ روپے مالیت کے فوائد حاصل کئے۔  خواجہ سلمان رفیق  نے 3 کروڑ 90 لاکھ کے مالی فوائد حاصل کئے گئے۔

یہ بھی پڑھیے:خواجہ برادران کو آج بھی ضمانت نہ مل سکی

دونوں ملزمان خواجہ سعد رفیق و سلمان رفیق اس وقت جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں قید ہیں۔

واضح رہے گزشتہ روز خواجہ برادران کو لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت نہ مل سکی ۔ پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی اسکینڈل میں گرفتار خواجہ سعدرفیق اور خواجہ سلمان رفیق کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 18جون تک ملتوی کردی گئی ۔

خواجہ برادران کے وکیل نےعدالت میں کہا تھاکہ  پیراگون سے وصول کی جانے والی رقم کو ٹیکس ریٹرن میں شامل کیا،پیراگون سوسائٹی مشرف دور میں معرض وجود میں آئی جب ہمارےمئوکل  اپوزیشن میں تھے۔


متعلقہ خبریں