سشما وزارت سے محروم، ملتانی سوہن حلوے کا کیا بنے گا؟

بھارت: سشما سوراج چلی گئیں، سوہن حلوے کا کیا بنے گا؟

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ارون جیٹلی نے ازخود اپنی صحت کی وجہ سے کابینہ میں شمولیت سے معذرت کی تھی لیکن سیاسی و سفارتی حلقوں میں سشما سوراج کو شامل نہ کیے جانے پر حیرت کا اظہار ضرور کیا جارہا ہے۔
بھارت کے ’نیشنل ہیرالڈ نیوز پیپر گروپ‘  کے مطابق عین ممکن ہے کہ بہت جلد سشما سوراج اور اوما بھارتی ریاستوں کی گورنر کا منصب سنبھال لیں۔
سشما سوراج اور اوما بھارتی نے لوک سبھا کی نشستوں کے لیے منعقد ہونے والے عام انتخابات میں حصہ لینے سے انکار کر دیا تھا۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق غالب امکان یہی ہے کہ امیت شاہ جنہیں وزارت داخلہ کا منصب تفویض کیا گیا ہے وہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی صدارت سے مستعفی ہو جائیں جسے کے بعد جے پی نڈا کو بی جے پی کی صدارت سونپ دی جائے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ صرف 48 گھنٹوں قبل پاکستانی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جذبہ خیرسگالی کے طور پر سشما سوراج کو ملتان کا سوہن حلوہ بھیجنے کا قصد کرتے ہوئے اپنے اسٹاف کو ہدایات دی تھیں کہ بشکیک کانفرنس میں لازمی طور پر ملتانی سوہن حلوے کے پیکٹ لے کر جائیں تاکہ وہ اپنی بھارتی ہم منصب کو پیش کر سکیں۔
اب جب کہ سشما سوراج کابینہ کا حصہ ہی نہیں رہی ہیں تو سیاسی و صحافتی حلقوں میں ازراہ تفنن استفسار کیا جا رہا ہے کہ سشما سوراج تو چلی گئیں، بشکیک کانفرنس کے لیے بک کرائے گئے ملتانی سوہن حلوے کا کیا بنے گا؟

بھارت کی سابق وزیر خارجہ سشما سوراج نے شنگھائی کانفرنس کے موقع پر کہا تھا کہ مخدوم شاہ محمود قریشی ’کڑوی‘ باتیں کرتے ہیں اس لیے ان کے لہجے میں مٹھاس لانے کی خاطر مٹھائی لائی ہوں۔

پاکستانی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے دو دن قبل جب اردو نیوز جدہ کو ایک خصوصی انٹرویو دیا تو اس میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کو نئی کابینہ میں کیا ذمہ داری دی جاتی ہے؟ لیکن وہ جہاں بھی ہوئیں انہیں ملتان کا سوہن حلوہ بھیجوں گا۔ انہوں نے کہا کہ میں ابھی اپنے اسٹاف کو کہہ دیتا ہوں کہ بشکیک کانفرنس میں سوہن حلوے کے ڈبے لے کر جانے ہیں۔

اردو نیوز نے ان سے استفسار کیا تھا کہ سشما سوراج شنگھائی کانفرنس میں آپ کے لیے مٹھائی لے کر آئی تھیں تو کیا آپ ان کا اپنے آبائی علاقے کا مشہور سوہن حلوہ بھیجیں گے؟


متعلقہ خبریں