پاکستان کے چھ شہروں میں پولیو وائرس کا انکشاف



اسلام آباد: پاکستان کے چھ شہروں کراچی، حیدرآباد، کوئٹہ، لاہور، راولپنڈی اور پشاور کے نکاسی آب کے نظام میں پولیو وائرس کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق کوئٹہ میں ریلوے پل اور طاؤس آباد کے سیوریج سسٹم میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

حیدر آباد کے تلسی داس پمپنگ اسٹیشن، راولپنڈی کے علاقے صفدرآباد اور  پشاور کے شاہین ٹاؤن میں پولیو وائرس پایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سیکیورٹی خدشات کے باعث پولیو مہم کا دوسرا مرحلہ ملتوی

لاہور میں بھی سیوریج سسٹم سے پولیو وائرس ملا ہے جب کہ کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ، اور راشد منہاس روڈ کے سیوریج میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔

کراچی کے چکورا نالہ اور کورنگی نالہ کے سیوریج میں بھی پولیو وائرس کی موجودگی کے شواہد ملے ہیں۔

خیال رہے کہ ایک ماہ قبل سیکیورٹی خدشات کے سبب ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کا دوسرا مرحلہ ملتوی کردیا گیا تھا۔

رواں برس پہلے پانچ ماہ میں دوران پولیو کے 20 کیسز سامنے آچکے ہیں اور اب تک سب سے زیادہ پریشان کن صورتحال خیبرپختونخوا کی ہے جہاں آٹھ بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔

خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں چھ جب کہ ہنگو اور ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیو وائرس کا ایک ایک کیس سامنے آیا ہے۔

پنجاب(لاہور) اور سندھ (لیاری، گلشن اقبال، لاڑکانہ) میں بھی پولیو کے تین تین کیسز سامنے آئے ہیں۔

شمالی وزیرستان میں چار بچے پولیو کا شکار ہوچکے ہیں جب کہ خیبر ایجنسی اور بنجور ایجنسی میں بھی پولیو کا ایک ایک کیس سامنے آیا ہے۔


متعلقہ خبریں