38 دن برطانیہ میں گزارے لیکن رہے کورے کے کورے!


عالمی کپ جیتنے کے سہانے خوابوں میں کھوئی پاکستانی ٹیم کو ویسٹ انڈیز نے جھنجھوڑ کر جگا دیا اور اس حقیقی دنیا سے روشناس کرایا جہاں 38 دن برطانوی سرزمین پر گزارنے کے باوجود ہمارے کھلاڑی کورے کے کورے ہی رہے۔

ورلڈ کپ 2019 کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کو میگا ایونٹ سے 38 روز قبل کنڈیشنز اور پچز سے ہم آہنگی کے لئے انگلینڈ بھجوایا جہاں قومی ٹیم نے انگلینڈ کی مضبوط ٹیم کے خلاف پانچ میچوں پر مشتمل سیریز کھیلی۔

پاک انگلینڈ سیریز پر نظر دوڑائیں تو قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف چار میچوں میں لگاتار 300 اور تین میچوں میں لگاتار 340 اور اس زائد رنز اسکور کئے، قومی ٹیم سیریز میں تو ایک میچ بھی نہ جیت سکٰ مگر سلیکٹرز اور تجزیہ کار پر امید تھے کہ اگر باؤلنگ نے ورلڈ کپ میں ساتھ دیا تو پاکستان بہت اچھا کھیل پیش کرے گی۔

ورلڈ کپ وارم اپ میچ میں افغانستان جیسی ناتجربہ کار ٹیم سے شکست اور اب ورلڈ کپ کے اپنے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز سے عبرت ناک شکست نے ٹیم سلیکشن اور پلان کے فقدان سے متعلق کئی سوالات اٹھا دیئے ہیں۔

سوشل میڈیا پر شائقین کرکٹ تبصرہ کر رہے ہیں کہ 38 روز میں ورلڈکپ کے لئے کیا پلان ترتیب دیئے گئے،آج کے میچ کے بعد یہ سوال کھڑا ہو گیا ہے کہ کیا قومی ٹیم اس ورلڈ کپ میں ایک بھی میچ جیت پائے گی؟؟؟


متعلقہ خبریں