شاہ شمس سبزواریؒ کا 766 واں عرس آج سے ملتان میں شروع


ملتان:برصغیر پاک و ہند کے روحانی پیشوا حضرت شاہ شمس تبریزی سبزواریؒ کے 766 ویں عرس کی تقریبات ملتان میں آج سے شروع ہورہی ہیں۔

حضرت سید شاہ شمس تبریزی سبزواریؒ نے 1185 عیسوی کو ایک دین دار گھرانے میں آنکھ کھولی،آپ کی دینی خدمات سے برصغیرخوب منور ہوا،آپ کو مختلف دینی علوم پر عبور حاصل تھا ۔

حضرت شاہ شمس سبزواریؒ  ایران سے بغداد گئے اور پھر وہاں سےچلے اور مصر سے ہوتے ہوئے مدینۃ الاولیاء ملتان کو اپنا مسکن بنایا اور یہیں رحلت بھی فرمائی ۔

ہر سال آپ کا دو روزہ عرس ملتان میں  انتہائی ادب و احترام سے منایا جاتا ہے۔ دو روزہ عرس کی باقاعدہ تقریبات کا آغاز آج سے ہورہا ہے،پہلے دن علی الصبح دربار کو عرق گلاب سے غسل دیا جاتاہے۔

سجادہ نشین دبارہ شاہ شمس  زاہد شمسی  کہتے ہیں کہ آپ ایران میں پیدا ہوئے پھر تبریز میں تعلیمات حاصل کیں ۔یہی وجہ ہے کہ آپکو شمس تبریز اور سبزواری کے نام سے جانا جاتا ہے۔

حضرت شاہ شمس نے اپنی تعلیمات سے فروغ اسلام میں اہم کردار ادا کیا ،آپ کے عرس مبارک میں نہ صرف ملک کے مختلف شہروں بلکہ بیرون ملک سے بھی زائرین بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہیں۔

سید علی رضا گردیزی کا کہنا ہے کہ شہراولیا، اولیا اللہ کے نام سے جانا جاتا ہے، بہاء الدین زکریا، شاہ رکن عالم کے ساتھ ایک اور بڑا نام حضرت شاہ شمس سرکار کا ہے جن کے چاہنے والوں میں سب ہی مکاتب فکرکے لوگ شامل ہیں۔

شہر اولیا کی گرمی بھی حضرت شاہ شمس سبزواری کے ساتھ پیش آئے ایک واقعہ سے منسوب کی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے:روہی چولستان میں ’چنن پیر‘‘ کا میلہ

حضرت شاہ شمس کی  درگاہ کی تعمیر میں نہایت خوبصورتی سے بلیو پاٹری کا کام کیا گیا ہے اور عمارت کی تعمیر میں ساگوان کی لکڑی استعمال کی گئی جس کے باعث مزار کی خوبصورتی میں چار چاند دکھائی دیتے ہیں۔


متعلقہ خبریں