قومی ٹیم پہلا میچ ٹی 20 کی سوچ سے کھیلی، جاوید میانداد

جاوید میاں داد کی فیصل اقبال کو بیٹنگ کوچ بنانے کی تجویز

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میاں داد نے کہا ہے کہ ورلڈ کرکٹ کپ کے اپنے پہلے میچ میں قومی کرکٹ ٹیم ٹی 20 کی سوچ سے کھیلی۔ انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے 50 اوورز کا میچ مختصر وقت میں ختم ہوگیا۔

ہم نیوز کے پروگرام ’گیم پلان‘ میں بات کرتے ہوئے کرکٹ لیجنڈ جاوید میاں داد نے ٹیم پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس منجھے ہوئے کھلاڑی نہیں ہیں جو منصوبے کے ساتھ میدان میں جائیں۔

’شارجہ چھکے‘ کے حوالے سے عالمی شہرت سمیٹنے والے جاوید میاں داد نے دعویٰ کیا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ بنا حکمت عملی کے کھیلا گیا جو افسوسناک ہے۔

دنیائے کرکٹ میں طویل عرصے تک اپنی بیٹنگ سے مخالفین پر دھاک بٹھائے رکھنے والے اسٹار بیٹسمین نے کہا کہ پاکستانی بلے باز اپنی غلطیوں کی وجہ سے ہار گئے۔

ایک سوال کے جواب میں جاوید میاں داد نے کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی ٹیم خود خراب کررہے ہیں۔ اس ضمن میں ان کا کہنا تھا کہ دیگر ممالک میں کھلاڑیوں کو کارکردگی کی بنیاد پر آگے لایا جاتا ہے جب کہ یہاں کا کچھ پتا ہی نہیں ہوتا ہے۔

قومی ٹیم نے مسلسل شکستوں کا نیا ریکارڈ بنا ڈالا

سابق کرکٹ کپتان کلائیو لائیڈ اور ویوین رچرڈ کے دور کی ’کالی آندھی‘ کا پچ پر اپنے بیٹ سے شاندارمقابلہ کرنے والے جاوید میاں داد نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ کوچ اور دیگر منتظمین کھلاڑیوں کو ’ریوڑ‘ کی طرح چلاتے ہیں۔

جزائر غرب الہند (ویسٹ انڈیز) کی کرکٹ ٹیم کے ہاتھوں بدترین شکست پر اسٹار بلے باز نے کہا کہ گذشتہ روز کی کارکردگی سے ٹیم کی حقیقت سامنے آگئی ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ طویل وابستگی رکھنے والے جاوید میاں داد نے یاد دلایا کہ ٹیم کو میدان میں پوری تیاری اور بہترین حکمت عملی کے ساتھ بھیجا جاتا ہے۔

سابق کرکٹ کپتان جاوید میاں داد نے دو دن قبل ہی ہم نیوز کے پروگرام ’بڑی بات‘ میں قومی کرکٹ ٹیم کو مشورہ دیا تھا کہ ماضی کو بھول کرمیدان میں اتریں۔

ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو ورلڈکپ 2019 کے اپنے پہلے میچ میں گزشتہ روز ’یک طرفہ‘ مقابلے کے بعد سات وکٹوں سے شکست دی ہے۔ میچ ناٹنگھم میں کھیلا گیا ۔

پاکستان کی بیٹنگ لائن نے صرف 106 رنز کا آسان ہدف مدمقابل کو دیا تھا جو ویسٹ انڈیز نے 13 ویں اوور کی چوتھی گیند پرعبور کر لیا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے اسٹار بلے باز کرس گیل نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 50 رنز اسکور کئے جس میں ان کے چھ چوکے اور تین چھکے بھی شامل تھے۔

پاکستان کے لیے اس میچ میں واحد اچھا پہلو فاسٹ باؤلر محمد عامر کی تین وکٹیں تھیں جو اس بات کا اعلان تھیں کہ ممتاز تیز باؤلر اپنی فارم میں واپس آچکے ہیں۔


متعلقہ خبریں