وفاق میں کام کرنے والی نرسز کی تنخواہوں میں اضافے کا اعلان


وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سرکاری اسپتالوں میں خدمات انجام دینے والی نرسز کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافے کا اعلان کردیا گیاہے۔ اسٹوڈنٹس نرسز کا وظیفہ 6800سے بڑھا کر 20ہزار روپے کردیا گیاہے۔

صحت کے شعبے میں ترقی کیلئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت  ڈاکٹر ظفرمرزا  نے وفاقی دارالحکومت میں کام کرنے والی نرسز کی تنخواہوں میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ وفاقی نرسز کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ ان کے وظائف اور الاؤنسز کو بڑھاکرصوبوں میں کام کرنے والی نرسز کے برابر کیا جائے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ وفاق میں کام کرنے والی اسٹوڈنٹس نرسز کا ماہانہ وظیفہ 6800 سے بڑھا کر 20000 ہزار کر دیاگیاہے۔گریڈ سولہ کی ریگولر نرسز کا میس  الاؤنس پانچ سوروپے سے بڑھا کر اٹھ ہزارروپے  کردیاگیاہے۔

انہوں نے کہا کہ ریگولر نرسز کا ڈریس الاؤنس 600 سوروپے سے بڑھا کر تین ہزار روپےکر دیا ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت کے مطابق اس اضافے پر حکومتی اخراجات کا تخمینہ 228.547 ملین سالانہ ہو گا۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی طرف سےیہ نرسز کے لیے  عید کا تحفہ ہے ،نرسنگ کے شعبے میں حکومت نے بہتری کا عزم کر رکھا ہے۔

یہ بھی پڑھیے:اسلام آباد میں 85 ہزار ہیلتھ کارڈز جاری کریں گے،وفاقی وزیر صحت

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ نرسنگ کا کردار  صحت کے شعبے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا  ہے، نرسنگ کی ترقی کے بغیر صحت کا شعبہ ترقی نہیں کر سکتا۔ وزیراعظم کےویژن کے مطابق صحت اولین ترجیح ہے اس شعبے کی ترقی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائینگے۔

معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کے مطابق نرسز کو مراعات دینے کا یہ پہلا قدم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نرسز کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافے کا اطلاق نئے مالی سال سے ہو گا۔


متعلقہ خبریں