پارلیمینٹیرینز صدر کے خلاف مواخذے کا ریفرنس دائر کریں، صدرسپریم کورٹ بار


سپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن کے صدر امان اللہ کنرانی نے کہا ہے کہ پوری قوم کی نظریں سپریم کورٹ بار پر ہیں،14 جون کو عدلیہ کے ساتھ یوم یکجہتی کا اعلان کرتے ہیں۔ امان اللہ کنرانی نے مطالبہ کیا کہ پارلیمینٹیرینز  صدرمملکت کے خلاف مواخذے (امپیچمنٹ)کا ریفرنس دائر کریں، صدر پاکستان ایک ڈمی کو بنایا گیاہے ، وہ اس عہدے پر رہنے کے قابل نہیں ہیں۔

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر امان اللہ کنرانی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 14جون کو یوم یکجہتی کے موقع پر ہائی کورٹ بار کے صدور سے گزارش کروں گا کہ وہ بھی اسلام آباد آئیں۔

انہوں نے پاکستان بھر کے وکلاء سے اپیل کی کہ 14 جون کو ملک بھر کے وکلا عدالتوں میں کالی پٹیاں باندھ کر پیش ہوں۔

امان اللہ کنرانی نے کہا کہ قاضی فائز عیسی کا خاندان اس ملک کو دینے والا ہے ہم فائدہ لینے والے ییں،قاضی فائز عیسی کے خاندان کو بے توقیر کیا جا رہا ہے۔ہمیں شرم آنی چاہیئے۔

سپریم کورٹ بار کے صدر نے کہا کہ  پوری قوم کو جسٹس قاضی فائز عیسی کے حوالے سےوکلاء برادری کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیئے۔جسٹس  قاضی فائز عیسی پر کوئی کرپشن کا کیس نہیں، کوئی اقربا پروری کا کیس نہیں، چیف جسٹس کو چاہیئے تھا کہ  وہ ریفرنس کا جائزہ لے کر نوٹس جاری کرتے۔

امان اللہ کنرانی نے کہا کہ ریفرنس کوئی مقدس چیز نہیں ہے ۔ اس ریفرنس میں شہرت اور تضحیک کی بو آرہی ہے۔یہ ریفرنس ایسے جج صاحب کو کام کرنے سے روکنے کے مترادف ہے۔ایسے عمل سے عدلیہ کی آزادی پر قدغن کا تاثر ابھر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہاں تو ایسے لگ رہا ہے جو بولے گا زبان کاٹ دی جائے گی۔ جو قلم کا استعمال کرے گا اس کا قلم توڑ دیا جائے گا۔

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر نے کہا جسٹس قاضی فائز عیسی کے معاملے پر صدر پاکستان کو سوچنا چاہئیے تھا۔

امان اللہ کنرانی نے کہا کہ ہمارےجوڈیشل سسٹم میں خامیاں ہیں،اس بات کو دور تک نہ لے جائیں۔کچھ لوگ ریاستی اداروں کو آپس میں لڑانا چاہتے ہیں، حکومت ہوش کے ناخن لے اور14 جون سے پہلے اس ریفرنس کو واپس لے۔

انہوں نے کہا کہ اس ریفرنس کو ابتدائی سماعت پر ختم کردینا چاہئیےورنہ اس عمل کا خمیازہ قوم بھگتے گی،عدلیہ کی عزت کو بے توقیر نہ کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیے:ججز کے خلاف ریفرنس کا معاملہ، اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری

ججز کیخلاف صدارتی ریفرنس، پاکستان بار کونسل کا اہم اجلاس طلب

سپریم کورٹ بار کے صدر نے کہا کہ 14 جون کو جھوٹے ریفرنس کے خلاف کھڑے ہونگے،14 جون کو بار کا اجلاس بھی طلب کیا ہے،رشیداے  رضوی، حامد خان،امجد شاہ اور احسن بھون سمیت وکلا رہنما ہمارے ساتھ ہیں۔

امان اللہ کنرانی نے کہا کہ اگر قاضی صاحب کے خلاف ریفرنس شروع کرتے ہیں تو ذوالفقار علی بھٹو کو سزا دینے والوں کا بھی احتساب قبر سے کیا جائے۔


متعلقہ خبریں