سٹیزن پورٹل پر ’پنجاب پولیس‘ کے خلاف شکایات کے انبار

سٹیزن پورٹل پر پنجاب پولیس کے خلاف شکایات کے انبار

لاہور: پاکستان سٹیزن پورٹل پر شہریوں نے ’پنجاب پولیس‘ کے خلاف شکایات کے انبارلگادیے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق صوبہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے 259791  شہریوں نے پاکستان سٹیزن پورٹل پر اپنی شکایات درج کرائیں۔ درج شکایات میں سے 38 فیصد صرف پنجاب پولیس سے متعلق تھیں۔

ذمہ دار ذرائع نے اس ضمن میں بتایا کہ سٹیزن پورٹل پر موصول درخواستوں میں سے 30 فیصد شہریوں نے عدم اطمینان کا اظہار کیا۔

سٹیزن پورٹل: وزیراعظم نے ’جھوٹی رپورٹس‘ پر نوٹس لے لیا

ذرائع نے یہ افسوسناک ’اعتراف‘ بھی کیا کہ سٹیزن پورٹل پر شکایات درج کرانے والے شہریوں کو پولیس افسران کی جانب سے پریشان کیا گیا۔

ہم نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ سٹیزن پورٹل پر شکایات درج کرانے والے شہریوں کو بتائے بغیر ملزم پارٹی سے ساز باز کرکے درخواست داخل دفتر کرنے کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستان سٹیزن پورٹل پر پنجاب کے گیارہ ایسے اضلاع کی بھی نشاندہی ہوئی ہے جہاں شہریوں کی داد رسی نہ کیے جانے کی شکایات سب سے زیادہ سامنے آئی ہیں۔

پاکستان سیٹزن پورٹل میں انوکھی شکایت

ہم نیوز کے مطابق نشاندہی ہونے والے گیارہ اضلاع میں ننکانہ، قصور، شیخوپورہ، مظفر گڑھ، ڈی جی خان، گجرات،
سیالکوٹ، منڈی بہاؤالدین، ساہیوال، اوکاڑہ اور پاکپتن شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق ان اضلاع میں متعین پولیس افسران کے متعلق یہ شکایات سامنے آئی ہیں کہ وہ شکایات کنندہ شہریوں کو مطمئن نہیں کرسکے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق ایک ماہ قبل آئی جی پنجاب نے بھی شہریوں کی شکایات پر ’ملوث افسران‘ کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تھا۔


متعلقہ خبریں