عید کے بعد حکومت گرانی پڑی تو گرائیں گے، شاہد خاقان عباسی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ نون کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عید کے بعد حکومت گرانی پڑی تو گرائیں گے۔ جتنے قرضے 72 سال میں لیے گئے موجودہ حکومت 5 سال میں ہی لے لے گی۔

شاہد خاقان عباسی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں روپے کی قدر میں اتنی کمی نہیں ہوئی جتنی موجودہ حکومت میں ہوئی ہے۔ موجودہ دورہ حکومت میں بجلی کی قیمت میں اضافہ کی مثال ملکی تاریخ میں نہیں ملتی۔ پٹرول کی قیمتیں عالمی منڈی میں کم ہوئیں لیکن پاکستان میں مسلسل بڑھائی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی شرح دگنی ہو کر 7 اعشاریہ 5 فیصد ہو چکی ہے جبکہ اس سال حکومت کے ریونیو میں ایک پیسہ کا بھی اضافہ نہیں ہوا ہے تاہم اخراجات میں ایک ہزار ارب کا اضافہ ہو گیا ہے اور اس سال بھی حکومت کے ریونیو 4 ہزار ارب ہی ہوں گے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کے 9 ماہ میں مہنگائی کی شرح میں دگنا اضافہ ہوا ہے۔ چینی کی قیمت میں 30 فیصد اورآٹے کی قیمت میں 10 فیصد اضافہ ہوچکا ہے جبکہ گیس کی قیمتوں میں 143 فیصد اضافہ کیا گیا اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 23 فیصد اضافہ کیا جا چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کا یہ پہلا وزیر اعظم ہے جسے سچ بولنے کی عادت نہیں اور ہمیں اس سے سچ کی توقع بھی نہیں ہے۔ جب ہم نے حکومت چھوڑی تو 25  ہزار ارب کے قرضے تھے جو 28 ہزار ارب سے تجاوز کر چکے ہیں اور یہ مالی سال کے اختتام تک 30 ہزار ارب تک پہنچ جائیں گے۔


متعلقہ خبریں