صحافی فرید صابری پر تشدد: کبھی ملزمان تو کبھی وکیل غیر حاضر



اسلام آباد: شہر اقتدار کا شیشہ مافیا ہم نیوز کے صحافی اور کیمرہ مین پر تشدد کیس میں تاخیری حربے استعمال کرنے پر اتر آیا ہے۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ سیشن جج باسط علیم نے مقدمے کی دوسری سماعت کی جس میں با اثر ملزمان جن میں تہذیب بیکری کے مالک خلیل نون کے بیٹا حسان نون اور سعد کیانی عدالت میں پیش ہوئے۔

ملزمان کے وکیل ہارون الرشید دوسری سماعت پرعدالت میں حاضر نہیں ہوئے جس پر جج نے برہمی کا اظہار کیا۔

عدالت نے کیس کی سماعت 3 جون تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ملزمان اور انکے وکیل کو حاضری یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔

گزشتہ سماعت پر ملزمان عدالت میں پیش نہیں ہوئے تھے اور وکیل دفاع نے عذر پیش کیا تھا کہ ملزم حسان خلیل نون عمرہ پر روانہ ہو گئے ہیں اور ملزم سعد حبیب کیانی بیمار والد کی تیمارداری میں مصروف ہے۔

دوران سماعت مدعی فرید صابری کے وکیل راجہ انعام منہاس نے  اپنے دلائل میں کہا تھا کہ ناقابل ضمانت دفعات کے ملزمان کو اس سے قبل بھی عبوری ضمانت میں توسیع دی جا چکی ہے، پولیس نے ملزمان سے ریکوری کرنی ہے جس کے لیے جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

واضح رہے کہ حسان خلیل نون، سعد حبیب کیانی اور انکے دیگر ساتھیوں نے 16 مئی کو ہم نیوز کے رپورٹر فرید صابری کو ای سیون میں لاٹے شیشہ کیفے پر تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

تھانہ کوہسار میں صحافی فرید صابری کی مدعیت میں ناقابل ضمانت دفعات 506 بی، 382، 148، 149 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا اور اب ملزمان کی جانب سے صلح کے لیے دباؤ اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔


متعلقہ خبریں