ملک بھر میں رمضان کی 27ویں شب مذہبی عقیدت سے منائی جارہی ہے

ملک بھر میں رمضان کی 27ویں شب مذہبی عقید سے منائی جارہی ہے

فائل فوٹو


اسلام آباد: پاکستان بھر میں رمضان المبارک کی 27ویں شب مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے، ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں کی مساجد کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے جب کہ تلاوتِ قرآن پاک اور نفلی عبادات کے لیے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔

مسلمان اللہ کا قرب حاصل کرنے کے لیے رات بھر خصوصی نوافل ادا کریں گے اور اپنی مغفرت و بخشش کے ساتھ ساتھ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بھی دعائیں مانگیں گے۔

27 ویں شب میں مساجد میں ختم قرآن کے اجتماعات بھی منعقد ہو رہے ہیں جبکہ اجتماعی دعاؤں، محافل شبینہ اور ذکر و اذکار کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

مسلمان رمضان المبارک کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں ليلۃ القدر کی تلاش کرتے ہیں جس کے بارے میں احادیث اور روایات سے ثابت ہے کہ اس رات جبرئیل امین کی قیادت میں فرشتوں کا قافلہ زمین پر اترتا ہے اور عبادت کرنے والوں کی مغفرت کیلئے طلوعِ آفتاب تک دعا کرتا ہے۔

اس رات کا اجر اور فضیلتیں تو کائنات کا رب ہی بہتر جانتا ہے مگرعلما کے مطابق نزولِ قرآن کا سلسلہ بھی اسی مبارک شب سے شروع ہوا جسے ایک ایسا ضابطہ حیات ہونے کا شرف حاصل ہے جو رہتی دنیا تک انسانوں کی رہنمائی کرتا رہے گا۔

رمضان المبارک میں ربِ ذوالجلال نے بڑی حکمتیں رکھی ہیں جو رحمت، مغفرت اور جہنم سے نجات کا ذریعہ ہے، ماہ مبارکہ کے آخری عشرے میں قرآن کریم، لوحِ محفوظ سے بیت المعمور پر اتارا گیا اور اسی عشرے میں ایک ایسی رات بھی ہے جو ہزار راتوں سے بہتر اور اللہ تعالیٰ سے مانگنے کی رات کہلاتی ہے۔

پاکستان میں 27ویں شب کے موقع پر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں مساجد اور عبادت گاہوں کے باہر پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

اسلام آباد میں فیصل مسجد اور دیگر عبادت گاہوں کے باہر بھی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں