ملک بھر میں گرمی کی لہر برقرار



اسلام آباد: ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے تاہم بالائی علاقوں کے چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم انتہائی گرم اور خشک رہے گا اور سورج اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ چمکے گا جبکہ کراچی میں بھی شدید گرمی پڑے گی اور عید الفطر پر بھی موسم انتہائی گرم رہے۔

پنجاب، خیبر پختنونخوا کے بیشتر میدانی علاقوں، مشرقی بلوچستان اور سندھ کا موسم آئندہ چند روز تک انتہائی گرم رہے گا۔ محکمہ موسمیات نے لوگوں کو دن کے اوقات میں غیر ضروری باہر نکلنے سے احتیاط برتنے کی ہدایت کر دی۔

یہ بھی پڑھیں مشرقی بلوچستان اور صوبہ سندھ میں موسم شدید گرم رہیگا

شہر قائد کا درجہ حرارت آج 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے اور شہر میں 13 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں تاہم ہوا میں نمی کا تناسب 76 فیصد تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ڈائریکٹر موسمیات نے ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں بدستور گرمی رہے برقرار رہے گی اور بارش کا کوئی امکان نہیں ہے البتہ 10 جون کے بعد پنجاب بھر میں گرمی کی لہر میں اضافہ ہو گا۔

کشمیر اور گلیات میں مغربی ہواؤں کا سلسلہ داخل ہونے سے آئندہ دو سے تین روز میں کشمیر اور گلیات میں بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو مالا کنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر کے چند مقامات پر آندھی چلنے اور گرم چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

گزشتہ روز بھی ملک بھر میں شدید گرمی رہی اور سڑکوں پرسناٹا چھایا رہا جبکہ روزہ داروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ہفتہ کو سب سے زیادہ گرمی سندھ کے اضلاع جیکب آباد میں 51 ڈگری سینٹی گریڈ، دادو، لاڑکانہ میں 49 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی، بہاولنگر کا درجہ حرارت بھی 49 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔


متعلقہ خبریں