بنگال کا جادو چل گیا، جنوبی افریقہ کو 21 رنز سے شکست


لندن: ورلڈ کپ 2019 کے پانچویں میچ میں بنگلہ دیش نے جنوبی افریقہ کو  21 رنز سے شکست دے دی۔

331 رنز ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ 50 ویں اوور تک آٹھ وکٹوں کے نقصان پر محض 309 رنز ہی بنا سکی، پروٹیز کی جانب سے کپتان فاف ڈوپلسی نے 62، ایڈن مارکرم نے 45 ، جے پی ڈومنی 45 اور وین ڈین ڈوسن نے 41 رنز کی اننگز کھیلی۔

بنگلہ دیش کی جانب سے مستفیض الرحمان نے تین، سیف الدین نے دو ، مہدی حسن نے ایک اور شکیب الحسن نے بھی ایک ہی کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

بنگلہ دیش کی اننگز!

اس سے قبل مقررہ 50 اوورز میں بنگلہ دیش نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 330 رنز بنائے۔

75 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد سینئر بلے باز شکیب الحسن اور وکٹ کیپر بلے باز مشفیق الرحیم کی جوڑی خوب جمی اور انہوں نے 142 رنز کی شراکت داری قائم کی۔

تاہم جنوبی افریقہ کے مایہ ناز لیگ اسپنر عمران طاہر نے اہم موقع پر شکیب الحسن کی وکٹ حاصل کی اور چند اوورز کے بعد وہ محمد متھن کی بھی وکٹ لے اڑے، شکیب الحسن نے 75 اور محمد متھن نے 21 رنز اسکور کئے.

یہ بھی پڑھیں ورلڈ کپ: آسٹریلیا نے افغانستان کو سات وکٹوں سے ہرادیا

250 کے مجموعی اسکور پر مشفیق الرحیم بڑی شاٹ کھیلتے ہوئے پھلی کائیو کے ہاتھوں 78 رنز کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے، یکے بعد دیگرے تین کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد لڑکھڑاتی ہوئی بنگلہ دیش کی ناؤ کو مصدق حسین اور محمود اللہ نے سہارا دیا۔

محموداللہ نے 46 جبکہ مصدق حسین نے 26 رنز کی اننگز کھیلی، جنوبی افریقہ کے خلاف بنگلہ دیش کا یہ سب سے بڑا اسکور ہے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے فیلو کیو، عمران طاہر اور کرس مورس نے بالترتیب دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل بنگلہ دیش کی پہلی وکٹ 60 رنز کے اسکور پر گری جب اوپنر بلے باز تمیم اقبال 16 رنز بنا کر فیلوک وایو کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، دوسری وکٹ 75 کے مجموعی اسکور پر گر گئی، سومیا سرکار 42 رنز بنا کر کرس مورس کی گینڈ پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

ٹاس

ٹاس کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ہم میچ کے لیے پر اعتماد ہیں اور ہماری مکمل تیاری ہے۔ تمیم اقبال مکمل طور پر فٹ ہیں اور پلیئنگ الیون میں شامل ہیں۔

گزشتہ روز کھیلے گئے ورلڈ کپ کے تیسرے میچ میں آسٹریلیا نے افغانستان کو سات وکٹوں سے شکست دی جبکہ نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔


متعلقہ خبریں