پارٹی میں رشتہ دار کو کوئی پروموٹ نہیں کر سکتا، نعیم الحق



اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا ہے کہ پارٹی میں کوئی بھی اپنے رشتہ دار کو پروموٹ نہیں کر سکتا۔ ایسا عمل تحریک انصاف کے ضبطہ اخلاق کے خلاف ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما نعیم الحق نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا ہے کہ تحریک انصاف نے اقربا پروری کی ہمیشہ ہی مخالفت کی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی رہنما زرتاج گل کو نیکٹا کو لکھے گئے خط سے دستبردار ہونے کی ہدایت کی ہے۔


واضح رہے کہ وفاقی وزیر زرتاج گل کی بہن شبنم گل کو نیشنل کاؤنٹر ٹیرارزم اتھارٹی (نیکٹا) کا ڈائریکٹر لگایا گیا جس کی سفارش کے لیے وفاقی وزیر موسمیات زرتاج گل کی جانب سے خط لکھا گیا تھا جو لیک ہو کر سوشل میڈیا کی زینت بن گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں حکومت کی نوکریاں یا اندھے کی ریوڑیاں؟

وفاقی وزیر کی بہن شبنم گل کی خدمات لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے لے کر نیکٹا کے حوالے کردی گئی ہیں۔ مذکورہ خاتون تعلیمی ادارے میں بین الاقوامی تعلقات(انٹرنیشنل ریلیشنز) کی پروفیسر تھیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شبنم گل کی خدمات لینے سے قبل مذکورہ تعلیمی ادارے کو پیشگی مطلع نہیں کیا گیا اور تعیناتی کے لیے یونیورسٹی سنڈیکیٹ سے منظوری بھی حاصل نہیں کی گئی۔

شبنم گل گریڈ 18 کی  افسر ہیں لیکن یونیورسٹی نے انہیں اعزازی گریڈ 19 دے رکھا تھا۔ انہوں نے  2010 میں پولیٹکل سائنس میں پی ایچ ڈی میں داخلہ لیا تھا لیکن 9 سال گزر جانے کے باوجود بھی اپنی پی ایچ ڈی مکمل نہیں کر سکیں۔


متعلقہ خبریں