9 ماہ میں ایک ہزار ارب روپے کے اضافی قرضے لیے گئے، حمزہ شہباز

9 ماہ میں ایک ہزار ارب روپے کے اضافی قرضے لیے گئے، حمزہ شہباز

فوٹو: فائل


لاہور: مسلم لیگ نون کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ صرف 9 ماہ میں ایک ہزار ارب روپے کے اضافی قرضے لیے گئے۔ نیب میرے خلاف ثبوت لے آئے تو سیاست چھوڑ دوں گا۔

پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) شہباز شریف کے خلاف ایک پائی کی کرپشن ثابت نہیں کر سکا۔ میرے 10 سال کا حساب کون دے گا۔

لیگی رہنما نے کہا کہ اگر نیب میرے خلاف ثبوت لے آئے تو میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد سیاست کو ہمیشہ کے لیے خیرباد کہہ دوں گا۔ چیئرمین نیب نے جو انٹرویو دیا اس میں انتقام کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ چیف جسٹس لارجر بینچ بنا کر چیئرمین نیب کو کٹہرے میں لائیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف چور ہوتے تو اپنی بیمار اہلیہ کو چھوڑ کر وطن واپس نہ آتے اور میں بھی اپنی بیمار بیٹی کو چھوڑ کر نہ آتا۔ میں عدالت کی اجازت سے ہی اپنی بیمار بیٹی کو دیکھنے گیا تھا۔ یہاں لوگ پھانسی چڑھ جاتے ہیں پھر کہا جاتا ہے کہ باعزت بری ہو گیا۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ نیب نے مجھ سے کہا آپ نے 85 یا 33 ارب نہیں بلکہ 18 کروڑ روپے کا حساب دینا ہے۔ یہاں تو لوگوں کے سر شرم سے جھک گئے لیکن اب انہیں عزت کون دے گا۔

یہ بھی پڑھیں حمزہ شہباز کو 26ملین ڈالرز کا حساب دینا ہوگا، عمر سرفراز چیمہ

انہوں نے کہا کہ فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ میں 52 فیصد کمی ہوئی ہے جبکہ ملکی آمدن سکڑ کر صرف 3 فیصد رہ گئی۔ اسی طرح ڈالرایک سال میں پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ مہنگا ہوا اور ترقیاتی کاموں میں 32 فیصد کمی ہوئی ہے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران خان نے وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد چیئرمین نیب سے ملاقات کی اور حلف اٹھانے کے بعد سے ہی کہہ رہے ہیں کہ سب کا احتساب کروں گا تاہم میں شروع سے ہی کہہ رہا تھا کہ یہ نیب اور نیازی کا گٹھ جوڑ ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے پاس بیل آرڈر ہونے کے باوجود نیب نے میرے گھر پر دو دن چھاپہ مارا اور میرے کیس میں سوالنامہ خود چیئرمین نیب نے ترتیب دیا تھا۔

لیگی رہنما نے کہا کہ اب یہ نوبت آ گئی ہے معزز جج صاحبان کی پگڑیاں اچھالی جا رہی ہیں۔ جسٹس قاضی فائز عیسٰی کو بعد میں پتہ چلتا ہے لیکن خبر پہلے لیک ہو جاتی ہے۔

حمزہ شہباز نے ساہیوال میں معصوم بچوں کی اموات پر وزیر صحت پنجاب کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ ساہیوال میں جاں بحق ہونے والے بچوں کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔


متعلقہ خبریں