بالائی علاقوں میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا


اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اور ملک کے بالائی علاقوں میں بارش سے گرمی کی شدت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے تاہم آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ شب اسلام آباد، راولپنڈی، مظفرآباد اور صوابی سمیت دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

کوٹلی، آزاد کشمیر اور مری کے گردو نواح میں بھی تیز آندھی کے ساتھ بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

سوموار کے روز بھی مالاکنڈ، ہزارہ، مردان،پشاور، راولپنڈی ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر آندھی چلنے اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج خیبرپختونخوا کے اکثر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے لیکن بنوں، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بارش نہیں ہوگی۔

پنجاب کے اضلاع راولپنڈی، اٹک، جہلم اور چکوال میں گرج چمک کے ساتھ برسات ہوسکتی تاہم دیگر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

صوبہ سندھ میں بھی موسم شدید گرم اور خشک رہے گا لیکن لاڑکانہ، گھوٹکی، شکار پور اور کشمور میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ پنجاب، خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں، مشرقی بلوچستان اور صوبہ سندھ میں موسم شدید گرم رہا۔

مالاکنڈ، راولپنڈی، لاہور ڈویژن اور کشمیر میں بعض مقامات پر ہلکی بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش  کالام میں چارملی میٹر ریکادڑ کی گئی۔


متعلقہ خبریں