ملک میں کوئی قانون سے بالاتر نہیں، وزیراعظم



اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے چینی شہریوں کے لیے ورک ویزے کی منظوری دے دی تاہم چینی شہریوں کو یہ سہولت ایک دفعہ ہی جاری کی جائے گی۔

وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوا۔ وزیر اعظم عمران خان نے عید کی چھٹیوں کے دوران لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت کی۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے اضافی حج کوٹہ میں سے 40 فیصد نجی ٹورز آپریٹر کو دینے کی منظوری دے دی جبکہ عتیق احمد کو وفاقی تعلیمی بورڈ کا سیکرٹری تعینات کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے بچوں کے حقوق پر قومی کمیشن بنانے کی تجویز کو مؤخر کر دیا۔

اجلاس میں وزیر اعظم نے وفاقی وزیر برائے موسمیات زرتاج گل سے نیکٹا کے معاملے پر ناراضگی اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔ وزیر اعظم نے وزرا کو اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے سے بھی منع کیا۔

واضح رہے کہ زرتاج گل نے اپنی اسسٹنٹ پروفیسر بہن کو نیکٹا کا ڈائریکٹر لگانے کے لیے سیکرٹری داخلہ کو خط لکھا تھا اور اس معاملے کو سوشل میڈیا پر بہت زیادہ اچھالا گیا۔ جس کے بعد وزیر اعظم نے زرتاج گل کو اپنے خط سے دستبردار ہونے کا اعلان کرنے کی ہدایت کی تھی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی کابینہ نے کشمیری عوام، فلسطین کے مظلومین کا مقدمہ لڑنے پر وزیر اعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں 12 نکاتی ایجنڈے پر بحث کی گئی۔ وزیر اعظم گورننس کے نظام کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ سپریم جوڈیشل کونسل کو بھیجے گئے ریفرنس سے کابینہ کو آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے عزم کا اعادہ کیا کہ قانون سے بالاتر کوئی نہیں ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عدلیہ کے خلاف شکایت عدلیہ ہی سن رہی ہے، یہ ایک غیر جانبدار فورم ہے اس پر اپوزیشن کا پروپیگنڈا بلا جواز ہے۔


متعلقہ خبریں