برٹش ائر ویز کی 11سال بعد پاکستان واپسی



اسلام آباد: مغربی ممالک کی  واحد ائرلائن برٹش ائرویز کی پرواز آج 11 سال بعد اسلام آباد میں پہنچ گئی ہے۔

برطانوی ہائی کمشن کے حکام، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری، وفاقی وزیر برائے ہوابازی (ایوی ایشن)غلام سرور خان، مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد اور سیکرٹری ہوا بازی ڈائریکٹر جنرل شاہ رخ نصرت نے مہمانوں کا استقبال کیا۔

برٹش ائر ویز کی پرواز بی اے ڈبلیو261 صبح 9 بج کر15 منٹ پر240 مسافروں کو ہیتھرو ائرپورٹ سے لے کر اسلام آباد ائرپورٹ پہنچی۔ یہی پرواز گیارہ بجے اسلام آباد سے 117مسافروں کو لیکر ہیتھرو ائرپورٹ کے لیے روانہ ہوگئی ہے۔

بعد ازاں وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان، مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس ڈریو، برٹش ائرویز چیف کمرشل آفیسر اینڈریو بریم اورسیکرٹری ہوا بازی ڈائریکٹر جنرل شاہ رخ نصرت ایک مشترکہ پریس کانفرنس کریں گے۔

موسم سرما کے فلائٹ شیڈول کے مطابق برٹش ائرویز کی پروازیں ہیتھرو ایئرپورٹ سے اسلام آباد ہفتے میں تین بار آیا اور جایا کریں گی۔

مذکورہ فضائی کمپنی کی دونوں ممالک کے مابین پروازیں برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو فضائی سفر کا آسان ذریعہ فراہم کریں گی۔ علاوہ ازیں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ثقافتی اقدار، سیاحت اور تجارت میں بھی اضافہ ہوگا۔

مذکورہ فضائی کمپنی نےگزشتہ برس18 دسمبر کو پاکستان کے لیے اپنی براہ راست پروازوں کو دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

2001 میں 9/11 حملوں کے بعد فضائی سفر کی سہولیات فراہم کرنے والی مذکورہ کمپنی نے کراچی کے لیے اپنی پروازیں منسوخ کی تھیں جب کہ اسلام آباد سے برٹش ائرویز کی آخری پرواز نے 2008 میں اڑان بھری۔

یہ بھی پڑھیے:برٹش ایئرویز کو پاکستان پروازوں کی بحالی پر خوشی ہے، برطانیہ

برٹش ائر ویز نے 1976 میں اسلام آباد کے لیے پروازوں کا سلسلہ شروع کیا تھا جو 20 ستمبر 2008 تک چلتا رہا۔ 2008 میں اسلام آباد کے میریٹ ہوٹل میں ہونے والے  بم دھماکے کے بعد کمپنی نے اسلام آباد کے لیے اپنی براہ راست پروازیں بند کر دیں تھیں۔


متعلقہ خبریں