حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری 11جون تک منظور

حمزہ شہباز کی عدم پیشی، ذمہ داران کو توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری

فائل فوٹو


قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کی 3 کیسز میں درخواست ضمانت قبل ازگرفتاری 11جون تک منظور کرلی گئی ہے ۔

نیب آمدن سے زائد اثاثہ جات ، رمضان شوگر ملز اور صاف پانی کیس میں حمزہ شہباز کے خلاف تحقیقات کر رہا ہے۔ حمزہ شہباز ضمانت میں توسیع کے لئے ہائی کورٹ میں پیش ہوئے ۔

جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ  نے کیس کی سماعت کی ۔

حمزہ شہباز کےعمدم اعتماد کے اظہار پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے بنچ تبدیل کردیاہے۔

اس سے قبل جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دورکنی بنچ درخواستوں پر سماعت کر رہا تھا۔

عدالت نےنیب کواپوزیشن لیڈرحمزہ شہبازکی گرفتاری سےآج تک روک رکھا تھا۔

حمزہ شہبا نے رمضان شوگر مل،آمدن سے زائد اثاثہ جات اور صاف پانی کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع کے لیےہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔

حمزہ شہباز کی جانب سے اعظم نذیر تارڑ اور امجد پرویزایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے آغاز میں جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے کہا بہت پرانا معاملہ ہے۔

حمزہ شہباز کے وکیل نے کہا صرف دو ماہ سے یہ معاملہ زیر التوا ہے۔

جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے کہا دو ماہ سے زائد عرصہ ہو گیا ہے۔ درخواست ضمانت قبل از گرفتاری میں اتنا وقت نہیں دیا جاتا۔

حمزہ شہباز کے وکیل نے کہا کہ عبوری ضمانت کی کئی درخواستیں دو، دو سال سے التوا میں ہیں۔

جسٹس مظاہر نے کہا آپ دو سال کی بات کررہے ہیں، یہاں چار، چار سال سے عبوری ضمانت کی درخواستیں التوا میں ہیں

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ حمزہ شہباز کے اثاثوں میں کروڑوں روپے کا اضافہ ہوا ہے اور حمزہ شہباز اپنے اثاثوں کے ذرائع بتانے میں ناکام رہے ہیں۔ صاف پانی کمپنی کیس سے متعلق ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کیا جا چکا ہے۔

حمزہ شہبا زکے وکیل نے کہا کہ نیب نے ریفرنس دائر کرنے کے بعد حمزہ شہباز کو نامزد کیاَرمضان شوگر ملزکیس  میں مقامی ایم پی اے کی درخواست پر نالہ تعمیر کیا گیا۔

حمزہ شہباز پر الزامات ایسے ہی ہیں جیسے کھسیانی بلی کھمبا نوچے،نیب نے لاہور ہائی کورٹ جیسے ادارے کے واضح احکامات کو نطرانداز کیا،انور، بشیر اور بوٹے کو تو ضمانتوں میں تاریخ مل رہی ہے۔ لیکن ہمیں نہیں مل رہی۔

جسٹس مظاہر نے استفسار کیا کہ کس انور بشر بوٹے کو تاریخ ملی؟

حمزہ شہبا زکے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے کہا میں ابھی کیسز میں۔پیش ہو کر آرہا ہوں۔

اعظم نذیر تارڑ نے عدالت سے استدعا کی کہ سلمان بٹ ایڈووکیٹ بیرون ملک موجود ہیں، پیش ہونے کیلئے مہلت دی جائے۔ کیسز کی سماعت دس روز کیلئے ملتوی کی جائے۔

عدالت نے حمزہ شہباز کی ضمانت قبل از گرفتاری میں 11جون تک توسیع دیتے ہوئے نیب کو حمزہ شہباز کی گرفتاری سے روک دیا۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا تھا  کہ ہائیکورٹ نےنیب کو گرفتاری سےدس روزقبل کا نوٹس دینےکا حکم دے رکھا ہے۔ عدالت نے فریقین کے وکلاء کو بحث کے لئے آج طلب کررکھا تھا۔

یہ بھی پڑھیے:حمزہ شہباز کی درخواستوں پر سماعت کیلئے نیا بنچ تشکیل


متعلقہ خبریں