لاہور پہنچنے والی ٹرینیں تاخیر کا شکارہونے لگیں

عمران خان کو قائل کرنا شیخ رشید کے لیے امتحان ہو گا؟

لاہور: کراچی اور کوئٹہ سے لاہور پہنچنے والی ٹرینیں تاخیر کا شکار ہونے لگی ہیں۔ عیدالفطر کی آمد کے پیش نظر محکمہ ریلوے کی اس ’کارکردگی‘ پر مسافروں میں پریشانی و تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اوروہ سخت ذہنی اذیت میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق تاحال ریلوے حکام کی جانب سے اس ضمن میں کچھ نہیں بتایا گیا ہے کہ ٹرینیں کیوں تاخیر کا شکار ہورہی ہیں؟

پاکستان ریلوے کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق بزنس ایکسپریس چار گھنٹے تاخیر سے پہنچی ہے جب کہ کراچی ایکسپریس تین گھنٹے 50 منٹ تاخیر کا شکار ہوئی ہے۔

ہم نیوز کو ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ قراقرم ایکسپریس پانچ گھنٹے اور شاہ حسین نو گھنٹے تاخیر کا شکار رہی ہے۔

پاکستان ریلوے میں اپنے بروقت آمد و روانگی کے حوالے سے معروف گرین لائن بھی ایک گھنٹہ دیر سے پہنچی اور تیز گام تین گھنٹے تاخیر سے لاہور پہنچی ہے۔

ذمہ دار ذرائع کے مطابق کوئٹہ سے لاہور پہنچنے والی اکبر ایکسپریس دو گھنٹے اور جعفر ایکسپریس تین گھنٹے 20 تاخیر کا شکار ہوئی ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق عوام ایکسپریس ایک گھنٹہ 35 منٹ کی دیر سے لاہور پہنچی ہے۔

ٹرینوں کی آمد میں تاخیر سے جہاں مسافر پریشان ہیں وہیں اپنے عزیز و اقارت کو لینے کے لیے ریلوے اسٹیشن پہنچنے والے افراد بھی ازحد پریشان دکھائی دے رہے ہیں کیونکہ سخت گرمی اور روزے کی حالت میں وہ ریلوے اسٹیشنوں پر انتظار کی زحمت اٹھا رہے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق یہ امر بھی افسوسناک ہے کہ پاکستان ریلوے کے متعلقہ شعبے کی جانب سے مسافروں اور ان کے عزیز و اقارب کو مناسب رہنمائی بھی فراہم نہیں کی جارہی ہے۔

یہاں یہ سوال نہایت اہمیت اختیار کرگیا ہے کہ اگر ٹرینوں کی آمد و رفت میں تاخیر کا سبب بننے والی رکاوٹوں کو فی الفور دور نہ کیا گیا تو ان ہزاروں مسافروں کا کیا بنے گا جو عین عیدالفطر کے موقع پر اپنے گھروں اور پیاروں کے پاس پہنچنے کی امید و آس لگائے ٹرین میں سفر کریں گے؟


متعلقہ خبریں